حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ جب جنابت کی حالت میں سونا چاہتے تو اپنی شرمگاہ دھو ڈالتے اور نماز کا سا وضو کرلیتے۔
(بخاری ، جلد اول کتاب الغسل، حدیث نمبر 282 )حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ انہوں نے (اپنی بہن ) اسماء سے ایک ہار مانگ کر لیا وہ گرگیا۔تو آنحضرت ﷺ نے ایک شخص (اسید بن حضیر) کو اس کے ڈھونڈنے کے لئے بھیجا اس کو وہ ہار مل گیا تو نماز کا وقت آگیا انہوں نے (بے وضو) نماز پڑھ لی ۔پھر آنحضرت ﷺ سے اس کا شکوہ کیا تب اللہ تعالیٰ نے تیمم کی آیت اُتاری۔ اسید بن حضیرؓ کہنے لگے عائشہؓ! اللہ تم کو اچھا بدلہ دے۔ قسم خدا کی تم پر جب کوئی ایسی بات آن پڑی جس کو تم برا سمجھتی تھیں تو اللہ نے اس میں خود تمہارے لئے اور سب مسلمانوں کے لئے بہتری کی۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب التیمم حدیث نمبر 327 )حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا بلالؓ مجھ سے کہہ(مجھے بتاؤ) تو نے اسلام کے زمانے میں سب زیادہ اُمید کا کونسا نیک کام کیا ہے کیونکہ میں نے بہشت میں اپنے آگے تیرے جوتوں کی پھٹ پھٹ کی آواز سنی ، حضرت بلالؓ نے عرض کیا کہ میں نے تو اپنے نزدیک اس سے زیادہ اُمید کا کوئی کام نہیں کیا کہ جب میں نے رات یادن میں کسی وقت بھی وضو کیا تو میں اسی وضو سے (نفل) نماز پڑھتا رہا جتنی میری تقدیر میں لکھی گئی تھی۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب التہجد، حدیث نمبر 1083 )حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک صحابیؓ نے وضو کیا اور ان کے پاؤں میں ایک ناخن کے برابر جگہ خشک رہ گئی۔ رسول کریم ﷺیکھا تو فرمایا واپس جاؤ پھر اپنا وضواچھی طرح کرو، پھر وہ لوٹ گیا اور دوبارہ وضو کیا پھر نماز پڑھی۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ جب کوئی مسلمان وضو کرتا ہے اور جس وقت وہ چہرہ دھوتا ہے تو اس پانی کے ساتھ اس کے چہرے سے وہ تمام گناہ نکل جاتے ہیں جو اس نے آنکھوں سے کئے تھے۔ پھر جب ہاتھ دھوتا ہے تو اسکے ہاتھوں میں سے ہر وہ گناہ جسکو ہاتھوں سے کیا تھا پانی کے ساتھ ہی نکل جاتا ہے۔ پھر جب پاؤں دھوتا ہے تو ہر وہ گناہ جسکو اس نے پاؤں سے چل کر کیا تھا پانی کے ساتھ ہی نکل جاتا ہے۔ یہاں تک کہ جب وہ وضو مکمل کرتا ہے تو سب گناہوں سے پاک و صاف ہو جاتا ہے ۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا میری اُمت کے لوگ میرے حوضِ کوثر پر آئیں گے اور میں اس وقت دوسرے لوگوں کو روک رہا ہوں گا جیسے ایک شخص اپنے حوض سے دوسرے کے اونٹو ں کو الگ کرتا ہے ۔ لوگوں نے کہا اے اللہ کے رسول ﷺ کیا آپ ہم کو پہچان لیں گے۔ آپؐ نے فرمایا ہاں تمہاری ایک ایسی نشانی ہوگی جو کسی اور اُمت کے پاس نہ ہوگی ۔میرے پاس حوض کوثر پر آؤ گے تو تمہارے اعضاء چمک رہے ہونگے ۔ایک گرو ہ کو میرے پاس آنے سے روک دیا جائے گا ۔وہ مجھ تک نہ پہنچ سکے گا تب میں عرض کروں گا اے میرے رب یہ تو میرے اُمتی ہیں ۔اس وقت ایک فرشتہ مجھے جواب دے گا آپؐ نہیں جانتے ان لوگوں نے آپؐ کے بعد میں نئی نئی باتیں نکالی تھیں۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کیا تمہیں ایسی عباد ت نہ بتاؤں جس سے گناہ مٹ جائیں اور جنت میں درجات بلند ہوں؟ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا کیوں نہیں اے اللہ کے رسول ﷺ ضرور بتائیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ سختی اور تکلیف کے وقت بھی مکمل وضو کرنا( جیسے سخت سردی) اور قدموں کا مسجد تک زیادہ ہونا ( یعنی مسجد اور گھر کا فاصلہ لمبا ہونے کے باوجود مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنا)اور ایک نماز کے بعد دوسری نماز کا انتظار کرنا ۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت شریح بن ہانی رحمۃ اللہ علیہ سے روایت ہے کہ میں نے اُم المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا سےَ موزوں پر مسح کی مدت کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا حضرت علی رضی اللہ عنہ سے پوچھو وہ رسول کریم ﷺ کے ساتھ سفر کیا کرتے تھے۔ ہم نے ان سے پوچھا تو انہوں کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے مسافر کے لئے مسح کی مدت تین دن اور تین رات مقرر فرمائی ۔مقیم کیلئے ایک دن ایک رات مقرر فرمائی۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو مسلمان اچھی طرح وضو کرلے پھر کھڑا ہو کر خشو ع و خضُو ع کے ساتھ دو رکعت نماز پڑھے۔ (پوری طرح اللہ کی طرف متوجہ رہے دل میں دنیا کا کوئی خیال نہ لائے ) اس کیلئے جنت واجب ہو جائے گی۔میں نے کہا یہ کیسا عمدہ عمل ہے؟ (جس کا ثواب اس قدر زیادہ اور محنت بہت کم ہے) ایک شخص نے کہا پہلا عمل اس سے بھی عمدہ تھا میں نے دیکھا تو وہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ تھے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں تم ابھی آئے ہو آپؐ نے یہ بھی فرمایا جو کوئی تم میں سے اچھی طرح وضو کرکے یہ دعا پڑھے تو اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دےئے جائیں گے جس میں سے چاہے وہ جنت میں داخل ہو جائے۔  اَشَھَدْ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ وَاشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ  ترجمہ: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد(ﷺ )اس کے بندے اور رسول ہیں۔
(مسلم ، کتاب الطہارۃ)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جب تک ہوا خارج ہونے کی آواز یا بدبو نہ آجائے تو وضو نہیں ٹوٹتا۔ (ترمذی) .21 حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو اپنے گھر میں طہارت (وضو) کرے پھر اللہ تعالیٰ کے گھر( یعنی مسجد) میں کوئی فریضہ ادا کرنے کے لئے جائے تو اس کے ہر قدم کے بدلے میں ایک گناہ معاف اور ایک درجہ بلند ہوتا ہے۔
(مسلم ، کتاب المَسَاجِدِ وَمَوَاضِعِ الصّلوٰۃ)« Previous 12345 Next » 41 |