سفر کے احکام

  • حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا عورت تین دن کا سفر بغیر اپنے محرم رشتہ دار کے نہ کرے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب تقصیر الصلوۃ ،حدیث نمبر1025)
  • ۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے انہوں نے کہا میں نے آنحضرت ﷺ کو دیکھا آپؐ کو جب سفر میں جلد چلنا ہوتا تو مغرب کی نماز میں دیر کرتے مغرب اور عشاء ملا کر پڑھ لیتے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب تقصیر الصلوۃ ،حدیث نمبر1043)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ جب (سفر میں) سورج ڈھلنے سے پیشتر کوچ کرتے تو ظہر کی نماز میں عصر کا وقت آنے تک دیر کرتے پھر اتر کر دونوں نمازیں ملا کر پڑھتے اگر کوچ کرنے سے پیشتر ہی سورج ڈھل جاتا تو ظہر کی نماز پڑھ کر سوار ہوتے۔

    (بخاری، جلد اول کتاب تقصیر الصلوۃ، حدیث نمبر1046)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ (سفر سے) اپنے گھر والوں میں رات کو واپس نہ آتے ۔یا صبح کو آتے یا شام کو (زوال سے لے کر غروب تک)

    (بخاری، جلد اول کتاب العمرۃ ،حدیث نمبر1684)
  • حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کے، ابوبکرؓ، عمرؓ اور عثمانؓ کے ساتھ سفر کیا اور سب ظہر اور عصر کی دو دو رکعت پڑھتے تھے اور کچھ نہیں پڑھتے تھے اس سے قبل کوئی سنت اور نفل اور نہ اس کے بعد اور عبداللہ بن عمرؓ نے کہا اگر مجھے کوئی نماز اس سے قبل اور بعد میں پڑھنی ہوتی تو میں صرف فرض کو ہی پورا کرتا۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب السفر544)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا سفر کیا ہے گویا ایک قسم کا عذاب ہے۔ آدمی کو کھانا پانی سونا (آرام کے ساتھ ) نہیں ملتا۔ اس لئے جب کوئی اپنا کام پورا کرچکے تو سفر سے جلدی اپنے گھر والوں میں لوٹ آئے۔

    (مسلم ،کتاب الامارۃ)(بخاری ،جلد اول کتاب المحصر ،حدیث نمبر1689)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے ان کو صفیہ بنت ابی عبیدہؓ (اپنی بی بی) کی سخت بیماری کی خبر آئی آپ بہت تیز چلے جب شفق ڈوبنے لگی تو سواری سے اتر ے اور مغرب اور عشاء کی نماز ملا کر پڑھی ۔پھر کہنے لگے میں نے آنحضرت ﷺ کو دیکھا آپؐ کو جب جلد چلنے کی ضرورت ہوتی تو مغرب کی نماز میں دیر کرتے اور مغرب عشاء کو ملاکر پڑھ لیتے۔

    (بخاری ، جلد اول ابوا ب المحصر، حدیث نمبر1690)
  • حضرت حفص رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں ایک بار بیمار ہوا اور ابن عمر رضی اللہ عنہ میری بیما ر پرسی کو آئے تو میں نے ان سے سفر میں سنتیں پڑھنے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا کہ میں رسول اکرم ﷺ کے ساتھ سفر میں رہا اور کبھی آپؐ کو سنت پڑھتے نہیں دیکھا۔ اگر مجھے سنت پڑھنی ہوتی تو میں فرض ہی پورے کرتا اور اللہ تعالی فرماتے ہیں تمہارے لئے رسول اکرم ﷺ کی زندگی ایک بہترین نمونہ ہے(الممتحنہ۶: آیت۶۰)

    (مسلم ،کتاب صلوۃ المسافر وقصرہا )
  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کوئی شخص (سفر سے واپسی پر) رات کو (بغیر بتائے) گھر نہ جائے کہ گھر کے حالات کا تجسس کرے اور گھر والوں کی کمزوریاں معلوم کرے۔

    (مسلم ،کتاب الامارۃ)
  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ نبی ﷺ سے روایت بیان کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا سفر سے گھر آنے کا سب سے بہتر وقت سر شام آنا ہے۔

    (سنن ابی داوُد، جلد دوم کتاب الجہاد 2777)
« Previous 12 Next » 

19

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق