تکبر فخر

  • حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص کے دل میں رتی برابر بھی غرور اور گھمنڈ ہوگا وہ جنت میں نہیں جائے گا۔ ایک شخص نے عرض کیا ہر انسان چاہتا ہے کہ اس کے کپڑے عمدہ ہوں اس کا جوتا بھی اچھا ہو تو کیا یہ غرور اور گھمنڈ ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ خوبصورت ہے خوبصورتی کو پسند فرماتا ہے۔ غرور اور گھمنڈ یہ ہے کہ انسان حق کو ناحق بنائے (یعنی اپنی انا کی وجہ سے حق بات کو رد کردے) اور لوگوں کو حقیر سمجھے۔

    ٖ (جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :1999) (مسلم ، کتاب الایمان)
  • حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن اللہ تعالیٰ تین قسم کے آدمیوں سے بات نہیں کرے گا اور نہ ہی ان کو گناہوں سے پاک کرے گا نہ ہی ان کی طرف نظر رحمت سے دیکھے گا اور ان کو درد ناک عذاب ہوگا۔ ۱ ۔بوڑھا (ہونے کے باوجود) زنا کرنے والا۔ ۲۔جھوٹ بولنے والا بادشاہ۔ ۳۔تکبر کرنے والا فقیر۔

    (مسلم ،کتاب الایمان )
  • حضرت ابی سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا عزت میری ازار ہے اور کبریائی میری رداء ہے جو مجھ سے ان صفات کو چھیننے کی کوشش کرے گا میں اس کو عذاب دوں گا۔

    (مسلم ، کتاب البر والصلۃ )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا جب کوئی شخص یہ کہے کہ لوگ ہلاک ہوگئے ہیں تو وہ ان سے زیادہ ہلاک ہونے والا ہوتا ہے۔

    (مسلم ،کتاب البروالصلۃ )
  • حضرت عیاض رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے مجھ پر یہ وحی کی ہے کہ عاجزی اختیار کرو، کوئی شخص فخر نہ کرے اور کوئی شخص دوسرے پر زیادتی نہ کرے۔

    (مسلم، باب جہنم )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ کبریائی (بڑائی) میری چادر اور عظمت میری ازار ہے پس جس شخص نے ان دونوں صفات میں سے کسی ایک میں سے میرے ساتھ شریک ہونا چاہا اسے میں آگ میں پھینک دوں گا۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب اللباس :4090)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک حسین و جمیل شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو اس نے عرض کی اے اللہ کے رسول! میں ایک ایسا شخص ہوں کہ مجھے جمال بہت پسند ہے اور جس قدر مجھے عطا ہوا وہ بھی آپ کے سامنے ہے حتی کہ میں یہ پسند نہیں کرتا کہ کوئی شخص میرے جوتے کے تسمے برابر بھی مجھ سے زیادہ خوبصورت ہو ۔ کیا یہ سوچ اور فکر بھی تکبر میں سے ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا نہیں لیکن تکبر تو یہ ہے کہ جس نے حق کا انکار کردیا اور لوگوں کو حقیر سمجھا۔

    (سنن ابی داوُد، کتاب اللباس جلد سوئم :4092)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے تم سے جاہلیت کی تکبر اور آباء و اجداد پر فخر کرنے کی عادت کو دور کردیا ۔(لوگ دو طرح کے ہیں) متقی مومن اور بدنصیب فاجر و فاسق، تم سب آدم علیہ السلام کی اولاد ہو اور آدم علیہ السلام مٹی سے پیدا کئے گئے تھے۔ لوگ بالضرور اپنی اقوام پر فخر کرنا چھوڑ دیں ورنہ وہ تو جہنم کے کوئلوں میں سے کوئلے ہیں یا پھر وہ اللہ کے نزدیک سیاہ بھونرے سے بھی زیادہ ذلیل ہوجائیں گے جو اپنی ناک سے بدبو پھینکتا ہے۔ (گوبر کاکیڑا جو انتہائی قبیح اور بدبودار ہوتا ہے)

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب :5116)
  • حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو آدمی مرجائے اور تکبر اور خیانت اور قرض سے پاک ہو وہ جنت میں داخل ہوا۔

    (جامع ترمذی باب جھاد :1572)
  • حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن ہر متکبر کو چیونٹیوں کی طرح انسانی شکلوں میں اٹھایا جائے گا، ذلت نے ان پر ہر طرف سے گھیرا ڈال رکھا ہوگا ۔انہیں جہنم کے ایک قید خانہ کی طرف ہانکا جائے گا جسے بولس (جہنم کی ایک وادی کا نام) کہا جاتا ہے۔ ان پر زبردست آگ مسلط ہوگی انہیں اہل جہنم کی پیپ وغیرہ پینے کے لئے دی جائے گی۔

    (ترمذی)
« Previous 12 Next » 

14

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق