حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو کوئی کچھ زمین ظلم سے چھین لے تو سات زمینوں کا طوق (قیامت کے دن) اس کے گلے میں ڈالا جائے گا۔
(بخاری ، جلد اول کتاب المظالم حدیث نمبر:2288)حضرت ابو سلمہ رضی اللہ عنہ عبدا ﷲ بن عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہما اور ان میں اور چند لوگوں میں کچھ (زمین کا) جھگڑا تھا انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے ذکر کیا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا اے ابو سلمہ! زمین ناحق لینے سے بچارہ، کیونکہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو شخص بالشت برابر زمین ظلم سے لے لے گا اس کو سات زمینوں کا طوق پہنایا جائے گا۔
(بخاری، جلد اول کتاب المظالم حدیث نمبر :2289)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو شخص ذرا سی زمین بھی ناحق لے لے گا وہ قیامت کے دن سات زمینوں میں دھنستا چلا جائے گا۔
(بخاری جلد اول کتاب المظالم حدیث نمبر:2290)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو شخص اپنا مال بچانے میں مارا جائے وہ شہید ہے۔
(بخاری، جلد اول کتاب المظالم حدیث نمبر :2316)حضرت ابی امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو شخص جھوٹی قسم کھا کر کسی مسلمان کے حق پر قبضہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر جہنم واجب اور جنت حرام کردیتا ہے۔ ایک شخص نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ اگر وہ معمولی چیز ہی کیوں نہ ہو؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اگر وہ پیلو کے درخت کی ایک شاخ ہی کیوں نہ ہو؟
(مسلم ، کتاب الایمان )حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص رسول اکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ اگر کوئی شخص میرا مال چھیننا چاہے تو میں کیا کروں؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ اس کو مال مت دو ۔اس نے عرض کیا کہ اگر وہ لڑائی کرے؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا تم بھی اس سے لڑو۔ اس نے عرض کیا اگر وہ مجھے قتل کرڈالے تو آپ ﷺ نے فرمایا تم شہید ہوگے اس نے عرض کیا اگر میں اس کو قتل کردوں؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا وہ جہنمی ہوگا۔
(مسلم کتاب الایمان)حضرت عروہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ارویٰ بنت اویس نے سعید بن زید رضی اللہ عنہ سے دعویٰ کیا کہ اس نے اس کی زمین میں سے کچھ لے لیا ہے۔ وہ یہ مقدمہ مروان بن حکم کے ہاں لے گئی تو سعید رضی اللہ عنہ نے کہا کیا میں رسول کریم ﷺ سے سننے کے بعد اس کی زمین میں سے کچھ حصہ لے سکتا ہوں؟ مروان نے کہا تم نے رسول کریم ﷺ سے کیا سنا؟ سعید بن زید رضی اللہ عنہ نے کہا رسول کریم ﷺ سے سنا کہ جس نے ایک بالشت زمین بھی ظلم سے لے لی تو اس کے گلے میں ساتوں زمینوں کا طوق ڈالا جائے گا پھر ان سے مروان نے کہا میں آپ سے اس کے بعد گواہ نہیں مانگوں گا پھر سعید رضی اللہ عنہ نے کہا، اے اللہ اگر یہ (عورت) جھوٹی ہے تو اس کو اندھا کردے اور اس کی زمین ہی میں اسے مار دے۔
(وہ عورت بینائی جانے سے پہلے نہ مری بلکہ وہ اپنی زمین میں چل رہی تھی کہ اچانک ایک گڑھے میں گر کر مرگئی)
7 |