صدقہ/ انفاق فی سبیل اللہ

  • حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی اپنے گھر والوں پر ثواب کی نسبت سے (اللہ کا حکم سمجھ کر) خرچ کرے تو صدقہ کا ثواب پائے گا۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الایمان حدیث نمبر:53،مسلم،کتاب الزکٰوۃ )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا سات آدمیوں کو اللہ تعالیٰ اپنے سائے میں رکھے گا جس دن اس کے سایہ کے سوا اور کہیں سایہ نہ ملے گا، ایک تو انصاف کرنے والا حاکم ،دوسرے وہ جوان جو جوانی کی امنگ سے خدا کی عبادت میں رہا ،تیسرے وہ جس کا دل مسجد میں لگا رہے ،چوتھے وہ آدمی جنہوں نے اللہ کے لئے دوستی رکھی زندگی بھر دوست رہے اور دوستی پر ہی مرے ،پانچویں وہ مرد جس کو ایک مرتبہ والی خوبصورت عورت نے (برائی کے لئے) بلایا اس نے کہا میں اللہ سے ڈرتا ہوں ،چھٹے وہ مرد جس نے اللہ کی راہ میں ایسا چھپا کر صدقہ دیا کہ داہنے ہاتھ سے جو دیا بائیں ہاتھ کو اس کی خبر نہ ہوئی ،ساتویں وہ مرد جس نے اکیلے میں اللہ کو یاد کیا اس کی آنکھیں بہہ نکلیں۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الاذان حدیث نمبر:626)
  • حضرت عقبہ حارث رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے مدینہ میں عصر کی نماز آنحضرت ﷺ کے پیچھے پڑھی۔ آپؐ نے سلام پھیرا اور جلدی سے اٹھ کھڑے ہوئے لوگوں کی گردنیں پھاندتے اپنی ایک بی بی کے حجرے میں گئے لوگ آپؐ کی جلدی دیکھ کرگھبراگئے۔ پھر آپؐ باہر نکلے دیکھا تو لوگ آپؐ کے جلد جانے سے تعجب میں ہیں آپؐ نے فرمایا بات یہ تھی کہ ہمارے پاس سونے کا ڈلا رہ گیا تھا مجھے اس میں دل لگا رہنا برا معلوم ہوا میں نے اس کے بانٹ دینے کا حکم دے دیا۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الصلوۃ حدیث نمبر:808)
  • حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا (دو آدمیوں کی) خصلتوں پر کوئی رشک کرے تو ہوسکتا ہے۔ ایک تو اس پر جس کو اللہ نے دولت دی وہ اس کو نیک کاموں میں خرچ کرتا ہے۔ دوسرے اس پر جس کو اللہ نے (قرآن اور حدیث کا) علم دیا، وہ اس کے موافق فیصلہ کرتا ہے اور لوگوں کو سکھاتا ہے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب العلم حدیث نمبر:73)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو شخص حلال کمائی سے ایک کھجور برابر صدقہ کرے اور اللہ حلال کمائی کو قبول کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کو اپنے داہنے ہاتھ لیتا ہے، پھر صدقہ دینے والے کے فائدے کے لئے اس کو پالتا ہے۔ جسے کوئی تم میں سے اپنا بچھڑا پالتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ پہاڑ برابر ہوجاتا ہے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر: 1327)
  • ۔ حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا (دوزخ کی) آگ سے بچو (صدقہ دے کر) گو کھجور کا ایک ٹکڑا ہی ہو۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر:1334)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی عورت اپنے گھر کے کھانے میں سے کچھ خیرات کرے بشرطیکہ بگاڑ کی نیت نہ ہو۔ تو عورت کو بھی خیرات کرنے کا ثواب ملے گا جیسے خاوند کو اس مال کے کمانے کی وجہ سے اور داروغہ کو بھی اتنا ہی اور کسی کا ثواب دوسرے کے ثواب کو کم نہیں کرے گا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر :1342)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا عمدہ خیرات (صدقہ) وہی ہے جس کے دینے کے بعد آدمی مالدار رہے اور پہلے ان لوگوں سے شروع کرے جو تیری نگہبانی میں ہیں ۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر:1343)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے منبر پر خیرات اور سوالی سے بچنے کا اور سوال کرنے کا ذکر فرمایا کہ اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے اوپر والا ہاتھ خرچ کرنے والا اور نیچے والا ہاتھ مانگنے والا ہے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر:1345)
  • حضرت حکیم بن حزام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا اوپر والا (دینے والا) ہاتھ نیچے والے (لینے والے) ہاتھ سے بہتر ہے اور پہلے اپنے بال بچوں، عزیزوں کو دے اور عمدہ خیرات وہی ہے جس کو دے کر آدمی مالدار رہے اور جو کوئی سوال کرنے سے بچنا چاہے گا، اللہ اس کو بچائے گا اور جو کوئی بے پروائی کی دعا کرے گا اللہ اس کو بے پرواہ کردے گا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الزکوۃ حدیث نمبر:1344)
« Previous 123456 Next » 

58

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق