قطع رحمی

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے مخلوق کو پیدا فرمایا اور جب ان سے فارغ ہوگیا تو رحم (رشتہ داری) نے کھڑے ہوکر کہا یہ قطع رحمی سے پناہ مانگنے کا مقام ہے ۔اللہ تعالیٰ نے فرمایا (اے رحم) کیا تم اس سے راضی نہیں ہو کہ میں اس سے ملوں گا جو تم سے ملیں گے اور ان سے تعلق نہ رکھوں گا جو تم سے تعلق نہ رکھے گا۔ رحم نے کہا کہ جی ہاں ضرور راضی ہوں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے یہ تمہارا حق ہے پھر رسول کریم ﷺ نے فرمایا اگر تم چاہو تو یہ آیات پڑھو (ترجمہ) قریب ہے کہ اگر تمہیں حکومت دی جائے تو تم زمین میں فساد پھیلاؤ اور اپنی رشتہ داریوں کو توڑ ڈالو، یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ تعالیٰ نے لعنت کی ہے پھر ان کو بہرا اور اندھا کردیا تو کیا وہ قرآن مجید میں غور و فکر نہیں کرتے کیا ان کے دلوں پر تالے پڑے ہوئے ہیں۔ (سورہ محمد ۴ آیت ۲۴۔۲۲)

    (مسلم ،کتاب البر والصلۃ )
  • حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ظلم و زیادتی اور قطع رحمی جیسا کوئی اور ایسا گناہ نہیں جس کی سزا اللہ تعالیٰ دنیا میں بھی دیتا ہے اور آخرت میں بھی۔

    (سنن ابی داوُ د ،جلد سوئم کتاب الادب :4902)
  • حضرت ابو ایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی سے تین روز سے زیادہ قطع تعلق کرے وہ آپس میں ملتے ہیں تو ایک دوسرے سے رخ موڑ لیتے ہیں۔ ان میں سے بہتر وہ ہے جو پہلے سلام کرتا ہے۔

    (مسلم) (سنن ابی داوُ د، جلد سوئم کتاب الادب :4911)
  • حضرت عبدالرحمن رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے آنحضرت ﷺ کو فرماتے سنا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا میں اللہ ہوں اور رحمن ہوں میں نے رحم کو پیدا کیا اور اپنے نام سے میں نے اس کو چیرا پھر جس نے اس کو ملایا میں ملاؤں گا اور جس نے اس کو کاٹا میں اس کو کاٹوں گا۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :1907)
  • حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جنت میں کوئی کاٹنے والا داخل نہ ہوگا ابن ابی عمرؓ نے کہا اور سفیان نے کہا یعنی قرابت کا کاٹنے والایعنی اس کا حق ادا نہ کرنے والا۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :1909)
  • حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے دو گالی گلوچ کرنے والوں نے جو کچھ کہا اس کا وبال شروع کرنے والے پر ہے ان دونوں میں سے جب تک مظلوم زیادتی نہ کرے( یعنی بڑھ کے نہ بولے)۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :1981)
  • حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا مسلمان کوگالی دینا فسق ہے اور اس کاقتل کرنا کفر۔

    (جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :1983)
  • حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تم مت کہو امعہ یعنی یہ کہنا کہ اگر لوگ احسان کریں گے تو ہم بھی احسان کریں گے اور اگر لوگ ظلم کریں گے تو ہم بھی ظلم کریں گے ۔لیکن اپنے نفسوں کو اس امر کا خوگر کرو کہ اگرتم پر احسان ہو تو تم بھی احسان کرو اور اگر لوگ تمہارے ساتھ برائی کریں تو تم ظلم نہ کرو۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ:2007)
  • حضرت ابوالاحوص ؒ سے روایت ہے کہ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ان کے باپ نے نبی کریم ﷺ سے عرض کی یارسول اللہ ﷺ کوئی شخص ایسا ہے میں سفر میں ان کے پاس سے گزرتا ہوں میری میزبانی اور میری ضیافت نہیں کرتا پھر وہ میرے پاس سے گزرتا ہے میں اس سے بدلہ لوں( یعنی میں بھی اس کی میزبانی نہ کروں) آپ ﷺ نے فرمایا نہیں تو اس کی میزبانی کر۔ راوی نے کہا نبی کریم ﷺ نے مجھے میلے کپڑوں میں دیکھا اور پوچھا کیا تیرے پاس مال ہے؟ میں نے عرض کی اللہ تعالیٰ نے مجھے ہر قسم کا مال دیا ہے اونٹ، بکریاں آپ ﷺ نے فرمایا کہ پھر چاہئے کہ تجھ پر دیکھا جائے( یعنی مال کا اثر کپڑوں کی سفیدی اور زینت سے)۔

    (جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :2006)
  • حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا۔ صدقہ مال کو کم نہیں کرتا ۔معاف کرنے والے کی عزت کے علاوہ کوئی چیز نہیں بڑھتی او رجو شخص اللہ کے لیے تواضع کرتا ہے اللہ تعالیٰ اس کوبلند کرتے ہیں ۔

    (جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :2029)
« Previous 12 Next » 

17

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق