باجماعت نماز

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جماعت کی نماز گھر میں اور بازار میں پڑھنے سے پچیس درجہ زیادہ فضیلت رکھتی ہے کیونکہ تم میں سے کوئی جب اچھی طرح وضو کرے اور مسجد میں نماز ہی کے قصد سے جائے تو مسجد میں پہنچنے تک ہر قدم پر اللہ تعالیٰ اس کا ایک درجہ بلند کرے گا اور ایک گناہ مٹا دے گا اور جب وہ مسجد میں پہنچ جائے گا تو جب تک نماز کے لئے (مسجد میں) رکا رہے اس کو نماز کا ثواب ملتا رہے گا اور جب تک وہ اس جگہ بیٹھا رہے جہاں وہ نماز پڑھتا ہے فرشتے اس کے لئے یوں دعا کرتے رہیں گے یا اللہ اس کو بخش دے یا اللہ اس پر رحم کر جب تک وہ حدث کرکے فرشتوں کو ایذا نہ دے۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الصلوۃ ،حدیث نمبر461 )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا اگر لوگ جانتے ہوتے جو (ثواب) اذان اور پہلی صف میں ہے پھر بغیر قرعہ ڈالے ان کو نہ پاسکتے تو بے شک ان پر قرعہ ڈالتے۔ اور اگر وہ جانتے جو (ثواب) ظہر کی نماز کے لئے سویرے جانے میں ہے تو اس کے لئے ایک دوسرے سے آگے بڑھتے اور اگر وہ جانتے جو (ثواب) عشاء اور فجر کی نماز میں ہے تو گھسٹتے ہوئے ان کے لئے آتے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر586)
  • حضرت ابوقتادہ بن ربعی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم آنحضرت ﷺ کے ساتھ نماز پڑھ رہے تھے اتنے میں آپؐ نے کچھ لوگوں کے دوڑنے کی آواز سنی ۔نماز کے بعد فرمایا یہ کیا آواز تھی۔ ہم نے کہا نماز کے لئے جلدی دوڑ آئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا (آئندہ) ایسا نہ کرنا جب تم نماز کے لئے آؤ تو اطمینان اور سہولت کو لازم کرلو۔ جتنی نماز پالو اتنی پڑھ لو۔ اور جتنی نمازرہ جائے وہ (امام کے سلام پھیرنے کے بعد پوری کرلو)

    (بخاری ،جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر605)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا قسم اس (خدا) کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے میں نے یہ ارادہ کیا حکم دوں لکڑیاں جمع کی جائیں۔ پھر نماز کا حکم دوں اس کی اذان دی جائے۔ پھر ایک شخص سے کہہ دوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے اور میں ان کو پیچھے چھوڑ کر ان لوگوں کے پاس جاؤں (جو جماعت میں) حاضر نہیں ہوئے ان کے گھر جلادوں۔ قسم اس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے اگر ان لوگوں میں سے جو جماعت میں نہیں آتے کسی کو یہ معلوم ہوجائے کہ اس کو گوشت کی ایک موٹی ہڈی ملے گی یا اچھے دو کھر ملیں گے تو عشاء کی جماعت میں ضرور آئے۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر614)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جماعت کی نماز اکیلے شخص کی نماز سے ستائیس درجے زیادہ فضیلت رکھتی ہے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر615)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جماعت سے آدمی کا نماز پڑھنا گھر میں یا بازار میں پڑھنے سے پچیس گنا زیادہ ثواب رکھتا ہے۔ ا س کی وجہ یہ ہے کہ آدمی جب اچھی طرح وضو کرکے مسجد جانے کے لئے نکلتا ہے اور صرف نماز ہی کی نیت سے نکلتا ہے تو جو قدم اٹھاتا ہے ہر قدم پر اس کا ایک درجہ بلند ہوتا ہے اور ایک گناہ معاف ہوجاتا ہے پھر جب وہ (مسجد میں پہنچ کر) نماز پڑھتا ہے تو جب تک اپنی نماز کی جگہ میں رہتا ہے فرشتے اس کے لئے دعا کرتے رہتے ہیں یا اللہ اس پر اپنی رحمت اتار، اس پر رحم کر۔ اور تم میں کوئی جب تک نماز کا انتظار کرتا ہے گویا وہ نماز میں ہی ہے۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر617)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا منافقوں پر کوئی نماز صبح اور عشاء کی نماز سے زیادہ بھاری نہیں ہے۔ اگر وہ جانتے جو ثواب ان نمازوں میں ہے (اور چل نہ سکتے) تو گھٹنوں کے بل گھسٹتے ان کے لئے آتے۔ اور میں نے یہ ارادہ کیا کہ موذن سے کہوں وہ تکبیر کہے اور ایک شخص کو امام بنادوں وہ لوگوں کو نماز پڑھائے اور میں آگ کی چنگاریاں لے کر ان لوگوں کو جلادوں جو ابھی تک نماز کے لئے نہیں نکلے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر623)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی تم میں سے لوگوں کو نماز پڑھائے تو ہلکی نماز پڑھے اس لئے کہ ان میں کوئی ناتواں ہوتا ہے کوئی بیمار کوئی بوڑھا اور جب کوئی تم میں سے اکیلا اپنے لئے نماز پڑھے تو جتنی چاہے لمبی کرے۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الاذان ،حدیث نمبر667)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ کے پاس ایک نابینا شخص آیا اور عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ مجھے کوئی مسجد تک لانے والا نہیں ہے۔ اس نے چاہا کہ آپؐ اجازت دیں کہ وہ گھر میں نماز پڑھ لیا کرے ۔آپ ﷺ نے اسے گھر میں نماز پڑھنے کی اجازت دے دی پھر جب وہ جانے لگا تو آپؐ نے اسے بلاکر فرمایا تم اذان سنتے ہو؟ اس نے عرض کیا کہ جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا تم مسجد میں آیا کرو۔

    (مسلم ،کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ)
  • حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جس نے عشاء کی نماز(باجماعت) پڑھی تو ایسا ثواب پائے گا گویا وہ آدھی رات تک نفل نماز پڑھتا رہا اور جس نے صبح کی نماز بھی باجماعت پڑھی تو وہ گویا ساری رات نماز پڑھتا رہا۔

    (مسلم ،کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ)
« Previous 12 Next » 

16

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق