حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہر جوان آدمی پر جمعہ کے دن غسل کرنا واجب ہے۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 815 )حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ جمعہ کے دن کھڑے خطبہ پڑھ رہے تھے اتنے میں ایک صاحب اگلے مہاجرین اور آنحضرت ﷺ کے صحابہ میں سے (حضرت عثمان رضی اللہ عنہ ) آئے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے (عین خطبہ میں ) اُن کو پکارا بھلا یہ کونسا وقت ہے آنے کا ۔انہوں نے کہا مجھے کچھ کام لگ گیا تھا۔ میں گھر میں بھی نہیں گیا اذان سنتے ہی بس وضو کیا (اور چلا آیا) حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا اچھا یہ کہتے ہو آپ نے صرف وضو ہی پر قناعت کی۔ حالانکہ آپ کو معلوم ہے کہ آنحضرت ﷺ (جمعہ کے دن) غسل کا حکم دیتے تھے۔
( سنن ابی داوُد، جلد اوّل، کتاب طہارت 340 ) (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ حدیث نمبر 833 )حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایاجو آدمی جمعہ کے دن غسل کرے اور جہاں تک صفائی کرسکتا ہے صفائی کرے اور اپنے تیل میں سے تیل لگائے اور اپنے گھر(والوں) کی خوشبو میں سے لگائے پھر (نمازکے لئے) نکلے (مسجد میں آئے) تو دو کے بیچ میں نہ گھسے پھر جتنی نماز اس کی تقدیر میں ہے وہ پڑھے (یعنی سنت ، نفل) اور جب امام خطبہ پڑھتا ہو اس وقت خاموش رہے تو اس جمعہ سے لے کر دوسرے جمعہ تک کے گناہ اس کے بخش دےئے جائیں گے۔
(بخاری، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 838 )حضرت ابو عیس (عبدالرحمن بن جبرؓ صحابی) سے روایت کرتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا اللہ کی راہ میں جس کے پاؤں پر گرد پڑے تو اللہ تعالیٰ اُس کو دوزخ پر حرام کردے گا۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 860 )حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا ہم جمعہ سویرے پڑھ لیا کرتے اور جمعہ کے دن نماز کے بعد آرام کرتے ۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 858 )حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے اس سے منع فرمایا جو کوئی آدمی اپنے بھائی کو اس کی جگہ سے اُٹھا کر خود وہاں بیٹھے ۔ پوچھا گیا کیا جمعہ کے دن حکم ہے؟ آپؐ نے فرمایا جمعہ ہو یا کوئی اور دن ہو۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر864 )حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جمعہ کے دن (سلیک غطفانی) ایک آدمی اس وقت آیا جب نبی اکرم ﷺ خطبہ پڑھ رہے تھے آپؐ نے فرمایا بھلے آدمی تو نے (تحیۃ المسجد کی) نماز پڑھی اس نے کہا نہیں۔ آپ ؐ نے فرمایا تو کھڑا ہو پڑھ لے۔
(سنن ابی داوُد، جلد اوّل، کتاب الصلوٰۃ (116(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 883 )حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب تو اپنے ساتھی سے جمعہ کے دن یوں کہے چپ رہ اور امام خطبہ پڑھ رہا ہو تو تو نے خود ایک لغو بے جا حرکت کی۔
(بخاری، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر 887 )حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے جمعہ کے دن کا ذکر کیا تو فرمایا اس میں ایک ساعت ایسی ہے جب کوئی مسلمان بندہ اس میں کھڑا ہوا نماز پڑھتا ہوا اللہ سے کچھ ما نگے تو اللہ اس کو عنایت فرمائے گا اور ہاتھ سے اشارہ کرکے آپؐ نے یہ بتلایا کہ وہ ساعت تھوڑی ہے۔
(بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجمعہ، حدیث نمبر888 )حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ جس بہترین دن میں سورج طلوع ہوتا ہے وہ جمعہ کا دن ہے ، اسی دن حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش ہوئی، اسی دن حضرت آدمؑ جنت میں داخل کئے گئے ، اسی دن وہ جنت سے نکالے گئے اور قیامت بھی جمعہ کے دن قائم ہوگی۔
(مسلم، کِتَابُ الجمعۃ)« Previous 1234 Next » 33 |