تعارف

اِس ویب سائیٹ کو بنانے کا خیال ہمیں انٹر نیشنل یونیورسٹی کے سابقہ صدر، معروف عالم اور محقّق ڈاکٹر محمود احمد غازی مرحوم کی کتاب ’’ محاضراتِ حدیث ‘‘ کو پڑھنے کے بعد آیا۔ ڈاکٹر صاحب نے جہاں اس کتاب میں علمِ حدیث اور اِس کی حفاظت و روا یت کیلئے صحابہ کرام ؓ  اور بعد کی کئی نسلوں کی محنتِ شاقّہ کا ذکر کیا ہے وہیں اُنہوں نے  پڑھنے والوں کو رغبت دلائی ہے کہ وہ کچھ احادیث کا انتخاب کر کے اُن کی  اشاعت کا اہتمام کریں تاکہ وہ  اس خوش خبری کے مستحق بن سکیں جِس کا وعدہ اِس  حدیثِ مبارکہ میں کیا گیا ہے:

 ''نضرالله امراء سمع منا شيئا فبلغه كما سمعه فرب بلغ أوعى من سامع'' (ترجمہ۔ اللہ تعالیٰ اس شخص کا چہرہ ترو تازہ کرے جس نے ہم سے جوسنا اسے لوگوں تک پہنچادیا ، بعض لوگ جن تک بات پہنچائی جاتی ہے ، وہ سننے والے سے زیادہ اس کو محفوظ رکھنے والے ہوتے ہیں)۔ [اس حدیث کو ترمذی، ابوداود اور ابنِ حبان نے     عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے ]۔

 

 اِس ویب سا ئیٹ میں بہت سے موضوعات پر احادیثِ رسول ﷺکا انتخاب شامل کی ہے۔ اس بات کی کو شش کی گئی ہے کہ اس میں عقائد ،عبادات ،معاملات، اخلاق، حقوق و فرائض، فضائل اور دعاؤ ں کے حوالے سے منتخب احادیث شامل کی جائیں۔

 

یہ ویب سا ئیٹ بنیادی پر اُردو زبان کے قارئین کیلئے تیار کی گئی ہے ۔خوش قسمتی سے دوسری زبانوں جیسے عربی یا انگریزی زبانوں میں پہلے ہی بہت اچھی ویب سا ئیٹس موجودہیں جہاں احادیث کی مشہور کتابوں کا مطالعہ کیا جا سکتا ہے ۔کچھ ویب سا ئیٹس میں ارود زبان پر مکمل صحاحِ ستہ اور احادیث کی کچھ اور مشہور کتب موجود ہیں ۔ جن کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت موجود ہے ۔یہ ویب سا ئیٹ چونکہ احادیث کے انتخاب پر مشتمل ہے ۔اِس لئے اردو یا انگریزی زبان میں احادیث کی مکمل کتب پڑھنے کیلئے آپ اُن ویب سا ئیٹس سے رجوع کر سکتے ہیں جن میں سے چند ایک کا تعارف ہم نے "دوسرے لنکس" پیج میں شامل کیا ہے۔

 

اِس ویب سا ئیٹ پر حدیثوں کا انتخاب زیادہ تر کتبِ احادیث کے براہِ راست مطالعے کے بعد کیا گیا ہے ۔ تاہم کچھ حدیثیں انتخابِ احادیث کی مشہور کُتب میں سے شامل کی گئی ہیں۔ چنا نچہ کو شش کی گئی ہے کہ جہاں تک ممکن ہومنتخب کردہ حدیث کا مناسب حوالہ دیا جائے ۔ جن حدیثوں میں مکمل حوالے کی بجائے صرف کتبِ حدیث کا نام موجود ہے ،ہماری کوشش ہو گی کہ تفصیلی حوالہ تلاش کر کے جلد ازجلد اُس کو شامل کیا جائے ۔

 

موجودہ انتخاب میں احادیث کا صِرف اردو ترجمہ شامل کیا گیاہے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے مرحلے میں احادیث کا عربی متن شامل کیا جائے تاکہ عربی دان حضرات براہِ راست حدیث کا مطالعہ کر سکیں۔ اس سے ارد و ترجمے میں کسی قسم کے سقُم اور خامی کی نشاندہی بھی آسانی سے ہو سکے گی۔

 

ہم یہ بھی ارادہ رکھتے ہیں کہ اگلے مرحلے میں شامل کی گئی احادیث کی مختصر تشریح کا اضافہ کیا جائے ۔ تاہم ہم چاہیں گے یہ تشریح متعلقہ کتب احادیث کی مستند اور مشہور شروح میں سے ہی منتخب کی جائے۔  

 

ہم نے اپنی بساط بھر کوشش کی کی ہے کہ ترجمہ کوغلطیوں سے پاک رکھا جائے ۔ تاہم اِس بات کا احتمال موجود ہے کہ نادانستہ طور پر ترجمے میں سقم موجود ہو یا اُس میں بہتری کی گنجائش ہو۔ قارئین سے د رخواست ہے کہ وہ حسبِ ضرورت اپنی تجاویز سے ہمیں "ہمارا رابطہ"پیج میں دیے گئے ای میل پر ضرور آگاہ کریں تاکہ ترجمے کی خامیوں کو دور کیا جا سکے ۔مر تّبین اپنی تمام تر نادانستہ اور دانستہ غلطیوں کیلئے اﷲ تعا لیٰ کے حضور معافی کے اور مغفرت طلبگارہیں۔

 

 احادیثِ مبارکہ سے استنباط ایک بحرِ بے کنار علم ہے۔ اگرچہ کوشش کہ گئی ہے کہ اُنہیں احادیث کا انتخاب کیا جائے جو عام پڑھے لکھے مسلمان کے سمجھنے کیلئے نسبتاً آسان ہوں۔ تاہم ہم پر زور اصرار سے قارئین کو تجویز دیں گے کہ شامل کردہ احادیث میں کسی قسم کی وضاحت طلب بات کیلئے کسی قابلِ اعتماد اور ثقہ عالمِ دین سے رجوع فرمائیں ۔

 

اِس ویب سا ئیٹ کو بنانے کا مقصد اِس کے سوا کچھ نہیں ہے کہ اِس کے مر تبین اور اِس کے پڑھنے والوں کو اﷲ تعالی کی رضا حاصل ہو اور سب اپنی زندگیوں کو اِن احادیث کی روشنی میں سنوار سکیں۔اور بروزِ حشر آنحضرت ﷺکی شفاعت کے مستحق بن سکیں ۔ ہم اﷲتعالیٰ کے حضور دُعاگو ہیں کہ وہ اِس کوشش کو اپنے ہاں قبو لیت کے شرف سے نوازیں ۔ہماری خامیوں سے درگزر فر مائیں اور اِس انتخابِ حدیث کو مسلمانوں کی ہدایت کا سامان بنادیں۔ قارئین سے درخواست ہے اپنی دُعاؤں میں مر تبیّن ،اُن کے والدین، عزیزواقارب، دوست احباب اور تمام مسلمانوں کو یاد رکھیں ۔

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق