مساجد اور نماز کے مقامات

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: بندہ ہمیشہ نماز میں رہتا ہے (نماز کا ثواب ملتا رہتا ہے) جب تک مسجد میں نماز کا انتظار کرتا رہے اور اس کو حدث نہ ہو ایک پرائے ملک والا (جو عربی نہ تھا) بولا اے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ حدث کیا ہے؟ انہوں نے کہا آواز یعنی پاد۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الوضوء حدیث نمبر :174)
  • حضرت جابر بن عبداللہ انصاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا مجھے پانچ باتیں ایسی ملیں جو مجھ سے پہلے کسی پیغمبر کو نہیں ملیں ایک یہ کہ ایک مہینے کی راہ سے (دشمنوں پر) میر ارعب پڑتا ہے۔ دوسرے یہ کہ ساری زمین میرے لئے نماز کی جگہ اور پاک کرنے والی بنائی گئی تو میری امت کا ہر آدمی اس کو (جہاں) نماز کا وقت آجائے نماز پڑھ لے ۔تیسرے یہ کہ مال غنیمت میرے لئے درست ہوئے اور مجھ سے پہلے کسی پیغمبر کے لئے درست نہیں ہوئے۔ چوتھے یہ کہ مجھ کو شفاعت ملی۔ پانچویں یہ کہ ہر پیغمبر خاص اپنی قوم کی طرف بھیجا جاتا تھا اور میں عام لوگوں کی طرف بھیجا گیا ہوں۔

    (بخاری، جلد اول کتاب التیم حدیث نمبر:326)
  • حضرت ابو قتادہ سلمیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب کوئی تم میں سے مسجد میں آئے تو بیٹھنے سے پہلے دو رکعات (تحیۃ المسجد کی) پڑھ لے۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب الصلوۃ حدیث نمبر :429)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو کوئی صبح اورشام مسجد (نماز کے لئے) جایا کرے وہ جب صبح اور شام کو جائے گا اللہ تعالیٰ بہشت میں اس کی مہمانی کا سامان کردے گا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الاذان حدیث :628)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا فرشتے اس شخص کے لئے دعا کرتے رہتے ہیں جو اپنی نماز کی جگہ میں جہاں اس نے (مسجد میں) نماز پڑھی ہے بیٹھا رہے جب تک اسکو حدث نہ ہو (ہوا خارج ہونا) فرشتے یوں کہتے ہیں۔ یا اللہ! اس کو بخش دے یا اللہ! اس پر رحم کر

    (بخاری ، جلد اول کتاب الصلوۃ حدیث نمبر:430)
  • حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے جب مسجد نبوی بنائی (نقشی پتھر اور گج سے) تو لوگ اس باب میں گفتگو کرنے لگے، انہوں نے کہا تم نے بہت باتیں بنائیں اور میں نے تو آنحضرت ﷺ سے سنا ہے آپؐ فرماتے ہیں جو شخص اللہ کی رضا مندی کی نیت سے مسجد بنائے اللہ ویسا ہی گھر اسکے لئے بہشت میں بنائے گا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الصلوۃ حدیث نمبر:435)
  • حضرت سائب بن یزید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا میں مسجد نبوی میں کھڑا تھا۔ اتنے میں ایک شخص نے مجھ پر کنکر پھینکا۔ دیکھتا کیا ہوں کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ ہیں۔ انہوں نے کہا جا ان دونوں شخصوں کو میرے پاس بلالا۔ میں ان کو بلا لایا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے پوچھا تم کون ہو یا یوں فرمایا کہاں سے آئے ہو ؟ انہوں نے کہا ہم طائف والے ہیں حضرت عمر نے کہا اگر تم اس شہر (مدینہ) کے رہنے والے ہوئے تو میں تم کو سزا دیتا تم آنحضرت ﷺ کی مسجد میں پکارتے ہو۔ (غل مچاتے ہو)۔

    (بخاری، جلد اول کتاب الصلوۃ حدیث نمبر :454)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا۔ سات آدمیوں کو اللہ تعالیٰ اپنے سائے میں رکھے گا جس دن اس کے سایہ کے سوا کہیں سایہ نہ ملے گا، ایک تو انصاف کرنے والا حاکم ۔دوسرے وہ جوان جو جوانی کی امنگ سے خدا کی عبادت میں رہا ۔تیسرے وہ جس کا دل مسجد میں لگار ہے۔ چوتھے وہ آدمی جنہوں نے اللہ کے لئے دوستی رکھی زندگی بھر دوست رہے اور دوستی ہی پر مرے ۔پانچویں وہ مرد جس کو ایک مرتبہ والی خوبصورت عورت نے (برائی کے لئے) بلایا، اس نے کہا میں اللہ سے ڈرتا ہوں ۔چھٹے وہ مرد جس نے اللہ کی راہ میں ایسا چھپا کر صدقہ دیا کہ داہنے ہاتھ سے جو دیا بائیں ہاتھ تک کو اس کی خبر نہ ہوئی ۔ساتویں وہ مرد جس نے اکیلے میں اللہ کو یاد کیا اس کی آنکھیں بہ نکلیں۔ (رودیا)

    (بخاری ، جلد اول کتاب الاذان حدیث نمبر :626)
  • حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہمیں دوسرے لوگوں پر 3 باتوں کی وجہ سے فضیلت عطا کی گئی ہے۔ ہماری صفیں فرشتوں کی صفوں کی طرح بنائی گئی۔ اور ہمارے لئے ساری زمین نماز کی جگہ بنادی گئی۔ اور جب پانی نہ ملے تو زمین کی مٹی ہم کو پاک کرنے والی بناد ی گئی۔

    (مسلم، کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ مجھے 6 باتوں کی وجہ سے دیگر انبیاء پر فضیلت دی گئی ہے۔ مجھے جوامع الکلم (جس میں لفظ تھوڑے اور معنی زیادہ ہوں) عطا کئے گئے ۔اور میرا رعب و دبدبہ دشمنوں کے دلوں میں بٹھا کر میری مدد کی گئی ہے۔ اور میرے لئے مال غنیمت کو حلال کردیا گیا۔ اور میرے لئے ساری زمین نمازکی جگہ بنادی گئی۔ اور میں تمام مخلوق کی طرف (رسول بناکر) بھیجا گیا ہوں۔ اور میری آمد کے ساتھ ہی نبوت ختم کردی گئی۔

    (مسلم ، کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ )
« Previous 123 Next » 

28

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق