وضو اور تیمم

  • حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو مسلمان اچھی طرح وضو کرلے پھر کھڑا ہو کر خشو ع و خضُو ع کے ساتھ دو رکعت نماز پڑھے۔ (پوری طرح اللہ کی طرف متوجہ رہے دل میں دنیا کا کوئی خیال نہ لائے ) اس کیلئے جنت واجب ہو جائے گی۔میں نے کہا یہ کیسا عمدہ عمل ہے؟ (جس کا ثواب اس قدر زیادہ اور محنت بہت کم ہے) ایک شخص نے کہا پہلا عمل اس سے بھی عمدہ تھا میں نے دیکھا تو وہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ تھے۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں تم ابھی آئے ہو آپؐ نے یہ بھی فرمایا ’’جو کوئی تم میں سے اچھی طرح وضو کرکے یہ دعا پڑھے تو اس کے لئے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دےئے جائیں گے جس میں سے چاہے وہ جنت میں داخل ہو جائے‘‘۔  اَشَھَدْ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہ وَاشْھَدُ اَنَّ مُحَمَّدً عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ  ترجمہ: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد(ﷺ )اس کے بندے اور رسول ہیں۔

    (مسلم ، کتاب الطہارۃ)