حوض کوثر

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا میرے گھر اور منبر کا درمیان بہشت کی کیاریوں میں سے ایک کیاری ہے اور میرا منبر (قیامت کے دن) میرے حوض پر ہوگا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب التہجد حدیث نمبر:1122)
  • حضرت سہل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم ﷺ نے فرمایا میں حوض پر تمہارا میزبان ہوں گا جو اس حوض پر آئے گا وہ پئے گا اور جو ایک بار پی لے وہ کبھی پیاسا نہیں رہے گا اور میرے حوض پر کچھ ایسے لوگ میرے پاس آئیں گے جن کو میں پہچانتا ہوں گا اور وہ مجھ پہچانتے ہوں گے پھر میرے اور ان کے درمیان رکاوٹ حائل کر دی جائے گی ۔آپ ﷺ فرمائیں گے یہ میرے پیروکار ہیں تو کہا جائے گا آپ ﷺ نہیں جانتے کہ انہوں نے آپ ﷺ کے بعد کیا کیا ہے میں کہوں گا جن لوگوں نے میرے بعد دین میں تبدیلی کی ان سے دوری ہو دوری ہو۔

    (مسلم ، کتاب الفضائل )
  • حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے شہدائے احد پر نماز جنازہ پڑھی پھر آپ ﷺ نے منبر پر آکر فرمایا میں حوض کوثر پر تمہارا منتظر ہوں گا اور حوض کوثر کی چوڑائی اتنی ہے جتنا کہ ایلہ کے مقام سے حجفہ کے مقام تک فاصلہ ہے ۔مجھے تم سے اس بات کا ڈر نہیں ہے کہ تم میرے بعد مشرک بن جاؤ گے لیکن مجھے تم سے اس بات کا ڈر ہے کہ تم لوگ دنیا کے لالچ میں آپس میں حسد کرنے لگ جاؤ گے اور آپس میں خون ریزی کرنے لگ جاؤ گے جس کے نتیجہ میں تم ہلاک ہوجاؤ گے جس طرح کہ تم سے پہلے لوگ ہلاک ہوئے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل )
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کو ہلکی سی نیند آئی، پھر آپ ﷺ نے مسکراتے ہوئے سر مبارک اٹھایا، تو یا تو آپ نے انہیں (صحابہ) بتایا یا پھر انہوں نے عرض کی اے اللہ کے رسول ﷺ آپ کیوں مسکرائے؟ پس آپ ﷺ نے فرمایا مجھ پر ابھی ابھی ایک سورۃ نازل ہوئی ہے پھر آپ ﷺ نے تلاوت فرمائی۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم انا اعطینک الکوثر فصل لربک وانحر ان شائنک ہوالابتر۔ (ہم نے آپ کو کوثر عطا کی۔ پس اپنے رب کے لئے نماز پڑھیں اور قربانی دیں بے شک آپ کے دشمن ہی بے نام ہونگے) جب آپ نے اس سورت کی تلاوت فرمائی تو پوچھا کیا تمہیں معلوم ہے کہ کوثر کیا چیز ہے؟ انہوں نے عرض کی اللہ اور اس کے رسول بہتر جانتے ہیں آپ نے فرمایا وہ ایک نہر ہے جس کا میرے رب نے مجھ سے جنت میں دینے کا وعدہ کیا ہے اس پر بہت زیادہ بہتری ہے اس پر ایک حوض ہے قیامت کے روز میری امت وہاں آئے گی اس کے برتنوں کی تعداد ستاروں کے برابر ہے۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ :4747)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ جب اللہ کے نبی ﷺ کو معراج کے دوران جنت کی سیر کرائی گئی توآپ کو ایک نہر پیش کی گئی جس کے کنارے خولد ار یاقوت کے تھے آپ کے ساتھ جو فرشتہ تھا اس نے اپنا ہاتھ اس نہر میں مارا تو (وہاں سے) کستوری نکالی (جو اس کا گارا تھا) تو محمد ﷺ نے اپنے ساتھ والے فرشتے سے فرمایا یہ کیا ہے اس نے کہا یہ کوثر ہے جو اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو عطا فرمائی ہے۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ :4747)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ سے حوض کوثر کے بارے میں پوچھا گیا؟ آپ ﷺ نے فرمایا وہ جنت کی ایک نہر ہے جو اللہ تعالیٰ نے مجھے عطا فرمائی ہے (اس کا پانی) دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے، اس میں ایسے پرندے ہیں جن کی گردنیں اونٹوں کی گردنوں کی طرح ہیں۔ عمرؓ نے پوچھا بلاشبہ وہ پرندے تو بہت زیادہ عمدہ ہونگے؟ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ان کو کھانے والے ان سے بھی زیادہ عمدہ ہوں گے۔

    (ترمذی)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا جنت میں چلنے کے دوران میرا گزر ایک نہر پر ہوا، اس کے دونوں جانب کھوکھلے موتیوں سے تیار کئے ہوئے گنبد بنے ہوئے تھے۔ میں نے جبرائیل علیہ السلام سے پوچھا یہ کیا ہے؟ جبرائیل علیہ السلام نے کہا کہ یہ نہر کوثر ہے جو آپ کے رب نے آپ کو عطا فرمائی ہے۔ میں نے دیکھا کہ اس کی مٹی (جو اس کی تہہ میں تھی وہ) نہایت مہکنے والی مشک تھی۔

    (بخاری)
 

7

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق