حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کی طرف ہتھیار سے اشارہ نہ کرے۔ تم میں سے کوئی شخص نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ سے ہتھیار چھین کر کسی کو نقصان نہ پہنچادے اور وہ جہنم کے گڑھے میں جاگرے۔
(مسلم ،کتاب البر والصلۃ )حضرت ابی برزہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ مجھے ایسی چیز بتایئے جس سے میں نفع حاصل کرو ں۔ آپؐ نے فرمایا مسلمانوں کے راستہ سے کوئی تکلیف دہ چیز دور کردو۔
(مسلم ،کتاب البر والصلۃ)حضرت ابی درداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول ﷺ نے فرمایا جو مسلمان بھی اپنے بھائی کے لئے اس کی غیر موجودگی میں دعا کرتا ہے تو فرشتہ کہتا ہے تمہارے لئے بھی اس کی طرح ہو۔
(مسلم ،کتاب الذکر والدعاء والتوبۃ والاستغفار )حضرت ابن عمررضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس کسی شخص نے کسی مسلمان شخص کو کافر کہا اگر تو وہ واقعتًا کافر ہے (پھر تو ٹھیک ہے) ورنہ پھر وہ (کہنے والا) کافر ہے۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب السنۃ 4687)حضرت جابر بن عبداللہ اور ابو طلحہ بن سہیل رضی اللہ عنہم بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص کسی مسلمان کو ایسے موقع پر بے یارو مددگار چھوڑ دے جہاں اس کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جارہی ہو تو اللہ تعالیٰ اسے ایسے موقع پر بے یارو مددگار چھوڑ دے گا جہاں اسے مدد درکا ر ہوگی۔ اور جو شخص کسی مسلمان کی مدد کرے ایسے موقع جہاں اس کی بے حرمتی اور بے عزتی کی جارہی ہو تو اللہ تعالیٰ اس کی ایسے موقع پر مددکرے گا جہاں اسے مدد درکار ہوگی۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب 4884)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ مومن، مومن کا آئینہ ہے مومن مومن کا بھائی ہے اس کے ضیاع کو روکتا ہے اور مقدور بھر اس کی حفاظت کرتا ہے۔
(سنن ابی داوُد ،جلد سوئم کتاب الادب 4918)حضرت مقدام بن معد یکرب رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا جب کوئی شخص اپنے کسی بھائی سے محبت کرے تو وہ اسے بتائے کہ میں اس (یعنی تم) سے محبت کرتا ہوں۔
(سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب5124)حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا جو کوئی مسلمان کسی دوسرے ضرورت مند (ننگے) کو لباس پہنائے تو اللہ تعالیٰ اسے جنت کا سبز لباس پہنائے گا اور اگر کوئی مسلمان کسی بھوکے مسلمان کو کھانا کھلائے تو اللہ تعالیٰ اسے جنت کے میوے کھلائے گا اور جو کوئی مسلمان کسی پیاسے مسلمان کو پانی پلائے گا تو اللہ عزوجل اسے جنت کی خالص (سیل بند) شراب پلائے گا۔
(سنن ابی داوُد، جلد اول کتاب الزکوۃ1682)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے مصیبت کے وقت اپنے مسلمان بھائی کی مدد کی تو اللہ تعالیٰ آخرت کی مصیبتوں میں سے ایک مصیبت میں اس کی مدد کر ے گا اور جو مسلمان کا عیب چھپائے اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت میں اس کے عیب چھپائے گا اور اللہ تعالی بندے کی مدد میں ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں ہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب الحدود 1425)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جس نے کسی مسلمان کی دنیا کی ایک تکلیف تکلیفوں میں سے دور کی اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی ایک تکلیف تکلیفوں میں سے دور کردے کا جس نے دنیا میں کسی تنگدست پر آسانی کی اللہ تعالیٰ اس پر دنیا میں اور آخرت میں آسانی کردے گا جس نے مسلمان کا دنیا میں عیب ڈھانپا اللہ تعالیٰ اس کے دنیا میں اور آخرت میں عیب ڈھانپے گا۔ اللہ تعالیٰ بندے کی مدد میں ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں ہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ 1930)« Previous 12345 Next » 41 |