حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ہم نے عرض کی یارسول اللہ ﷺ آپؐ ہم سے خوش طبعی کرتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا !میں نہیں کہتا ہوں مگر سچ بات۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :1990)حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے جھگڑا اور تکرار کرنا چھوڑ دیا اور وہ باطل تھا اس کے لئے جنت کے کنارے ایک مکان بنایا جائے گا اور جس نے جھگڑا چھوڑا اور وہ حق پر تھا اس کے لئے جنت کے بیچ میں ایک گھر بنایا جائے گا اور جس نے اپنے خلق اچھے کئے اس کے لئے ایک گھر اعلیٰ جنت میں بنایا جائے گا۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :1993)حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا یہ گناہ تجھ کو کافی ہے کہ تو ہمیشہ جھگڑا کرتا رہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :1994)حضرت ابی الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا قیامت کے دن مومن کے ترازو میں حسن خلق سے بھاری کوئی چیز نہیں ہوگی اس لئے کہ اللہ تعالیٰ بے حیاء بدگو کو دوست نہیں رکھتا۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ: 2002)حضرت ابی الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا میزان میں خلق حسن سے کوئی چیز بھار ی نہیں رکھی جائے گی اور بے شک صاحبِ خلق اچھے اخلاق کی وجہ سے صاحبِ صوم اور صاحبِ صلوۃ کے درجے کو پہنچتا ہے۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :2003)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ کسی نے نبی کریم ﷺ سے پوچھا کہ کیا چیز لوگوں کو جنت میں داخل کرتی ہے فرمایا اللہ عزوجل سے ڈرنا اور حسن اخلاق اور پوچھا کہ کیا چیز لوگوں کو دوزخ میں داخل کرتی ہے فرمایا منہ اور فرج (شرم گاہ)۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب البر والصلۃ :2004)حضرت ابوالاحواص ؒ سے روایت ہے کہ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ان کے باپ نے نبی کریم ﷺ سے عرض کی یارسول اللہ ﷺ کوئی شخص ایساہے میں سفر میں ان کے پاس سے گزرتا ہوں لیکن وہ میری میزبانی اور میری ضیافت نہیں کرتا پھر وہ میرے پاس سے گزرتا ہے میں اس سے بدلہ لوں(یعنی میں بھی اس کی میزبانی نہ کروں )آپؐ نے فرمایا نہیں تو اس کی میزبانی کر۔ راوی نے کہا نبی کریم ﷺ نے مجھے میلے کپڑوں میں دیکھا اور پوچھا کیا تیرے پاس مال ہے؟ میں نے عرض کی اللہ تعالیٰ نے مجھے ہر قسم کا مال دیا ہے اونٹ، بکریاں۔ آپؐ نے فرمایا پھر چاہیے تجھ پر مال کا اثر دیکھا جائے (یعنی کپڑوں کی سفیدی اور زینت سے)
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :2006)حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺنے فرمایا: اچھی خصلت اور تامل اور آہستگی سے ہر کام کرنا اور میانہ روی نبوت کے چوبیس ٹکڑوں میں سے ایک ٹکڑا ہے۔
(جامع ترمذی، جلد اول باب البروالصلۃ :2010)حضرت ابی الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا جس کو نرمی کے ساتھ اس کا حصہ ملا بے شک اس کو خیر سے حصہ ملا اور جو نرمی کے حصہ سے محروم رہا وہ خیر کے حصہ سے محروم رہا۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :2013)حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ تامل و تاخیر اور آہستگی اللہ کی طرف سے ہے اور جلدی اور شتابی شیطان کی طرف سے ہے۔
(جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ :2012)« Previous 12345 Next » 48 |