صحابہ کرام کی فضیلت

  • حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے غزوہ تبو ک کے موقع پر علی رضی اللہ عنہ کو مدینہ میں اپنا نائب مقرر کیا ۔انہوں نے کہا اے اللہ کے رسول ﷺ آپ مجھے عورتوں اور بچوں میں چھوڑ کر جارہے ہیں؟ تو آپؐ نے فرمایا کیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ تم میرے لئے ایسے ہو جیسے موسیٰ علیہ السلام کے لئے ہارون علیہ السلام تھے البتہ میرے بعد کوئی نبی نہیں ہوگا۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے غزوہ خیبر کے دن فرمایا کل میں اس شخص کو جھنڈا دوں گا جو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ سے محبت کرتا ہوگا اور اللہ اُس کے ہاتھ پر فتح عطا فرمائے گا ۔عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ اس دن کے علاوہ میں نے کبھی امارت کی تمنا نہیں کی۔ میں اس دن آپؐ کے سامنے اس امید سے آیا کہ آپؐ مجھے جھنڈا دینے کے لئے بلائیں گے پھر رسول اکرم ﷺ نے علیؓ بن ابی طالب کو بلایا اور ان کو جھنڈا عطا کرتے ہوئے فرمایا کہ جاؤ ادھر ادھر متوجہ نہ ہونا۔ حتی کہ اللہ تعالیٰ تم کو فتح عطا فرمادے۔ علیؓ کچھ دورگئے پھر ٹھہر گئے ادھر ادھر دیکھے بغیر کہا اے اللہ کے رسول ﷺ میں لوگوں سے کس بنیاد پر جنگ کروں؟ آپؐ نے فرمایا تم ان سے اس وقت تک جنگ کرو جب تک وہ کلمہ لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی گواہی نہ دیں۔ اگر انہوں نے گواہی دے دی تو انہوں نے تم سے اپنی جانوں اور مالوں کو محفوظ کرلیا مگر یہ کہ ان پر کسی کا حق ہو اور ان کا حساب اللہ تعالیٰ کے ذمہ ہے۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے سعد بن مالک رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی اور کے لئے اپنے ماں باپ کو جمع نہیں فرمایا (یعنی یہ الفاظ کسی اور صحابی کے لئے نہیں کہے) آپؐ جنگ احد کے دن ان سے فرما رہے تھے تم پر میرے باپ قربان ہوں (دشمنوں پر) تیر چلاؤ۔

    (تر مزی)(مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے جنگ خندق کے دن لوگوں کو جہاد کی ترغیب دی تو زبیر رضی اللہ عنہ نے کہامیں حاضر ہوں۔آپؐ نے پھر ترغیب دی تو زبیرؓ نے کہا میں حاضر ہوں۔نبی کریمؐ نے پھر ترغیب دی تو زبیرؓ نے کہا میں حاضر ہوں ۔نبی کریمﷺ نے فرمایا ہر نبی کے حواری (خصوصی مددگار) ہوتے ہیں اور میرے حواری زبیرؓ ہیں ۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا ہر امت کا ایک امین ہوتا ہے اور میری امت کے امین ابو عبیدہ بن جراح رضی اللہ عنہ ہیں۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے حسن رضی اللہ عنہ کے متعلق فرمایا اے اللہ میں اس سے محبت کرتا ہوں آپ بھی اس سے محبت رکھئے اور جو اس سے محبت رکھے اس سے بھی محبت رکھئے۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے ایک دن نبی کریم ﷺ صبح کے وقت گئے اس وقت آپؐ کے جسم پر ایک چادر تھی حسن بن علی رضی اللہ عنہ آئے آپؐ نے اس کو چادر میں لے لیا۔ پھر حسین بن علیؓ آئے اور آپؐ کی چادر میں داخل ہوگئے پھر سیدہ فاطمہؓ آئیں اور آپؐ نے ان کو اس چادر میں داخل کرلیا ۔پھر علیؓ آئے آپؐ نے ان کو بھی چادر میں لے لیا۔ پھر یہ آیت پڑھی۔ (ترجمہ) اے اہل بیت ، اللہ تعالیٰ تم سے نجاست کو دور کرنے اور تم کو پورا پورا پاک کرنے کا ارادہ فرماتا ہے۔ (احزاب 33 آیت33)

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت ابی موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا مردوں میں بہت سے کامل گزرے ہیں اور عورتوں میں مریم ر ضی اللہ عنہ بنت عمران ؑ اور فرعون کی بیوی آسیہ کے سوا کوئی کامل نہیں ہوئیں اور عورتوں پر عائشہ رضی اللہ عنہاکی فضیلت ایسی ہے جیسے ثرید کی فضیلت تمام کھانوں پر ہے۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے خدیجہ بنت خویلد رضی اللہ عنہا کو جنت میں ایک گھر کی بشارت دی۔

    (مسلم ،کتاب فضائل الصحابۃ)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا اے عائشہؓ جبرائیل ؑ آئے ہیں تمہیں سلام کہتے ہیں میں نے کہا وعلیہ السلام ورحمۃ اللہ (یعنی ان پر بھی سلامتی اور اللہ کی رحمت ہو) آپؐ وہ دیکھتے تھے کہ جو میں نہیں دیکھتی۔

    (مسلم، کتاب فضائل الصحابۃ)
« Previous 123456 Next » 

52

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق