روزہ

  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو اس میں برکت ہوتی ہے (ثواب ملتا ہے)۔

    (بخاری، جلد اول،کتاب الصوم حدیث نمبر 1804 )
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے متواتر روزے رکھے ۔ لوگوں نے بھی متواتر روزے رکھے ۔ ان کو شاق گزرا ۔ آپؐ نے ان کو منع فرمایا ۔ انہوں نے کہا آپؐ تو متواتر روزے رکھتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا میں تمہاری طرح تھوڑی ہوں میں تو برابر کھلایا پلایا جاتا ہوں۔

    (بخاری، جلد اوّل، کتاب الصوم، حدیث نمبر 1803 )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ اپنی بعض بیبیوں کا بوسہ لیتے اور آپؐ روزہ دار ہوتے، پھر(عائشہؓ) ہنس دیں۔

    (بخاری، جلد اوّل، کتاب الصوم حدیث نمبر 1808 )
  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا جب بھولے سے کوئی روزے میں کھا پی لے تو اپنا روزہ پورا کرے اللہ نے اس کو کھلایا پلایا ہے۔

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الصوم، حدیث نمبر 1812 )
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ کے ساتھ ہم سفر کرتے روزہ رکھنے والا افطار کرنے والے پر عیب نہ لگاتا اور نہ افطار کرنے والا روزہ دار پر ۔

    (بخاری ، جلد اول، کتاب الصوم، حدیث نمبر 1825)
  • حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ (غزوہ فتح میں) مدینہ سے مکہ کی طرف روانہ ہوئے اور عسفان تک روزہ رکھتے رہے۔ عسفان میں آپ ﷺ نے پانی منگوایا اور دونوں ہاتھ لمبے کرکے پانی کو اٹھایا تاکہ لوگ دیکھیں ، پھر افطار کیا ، یہاں تک کہ مکہ پہنچے یہ رمضان کا ذکر ہے۔ ابن عباس رضی اللہ کہتے تھے کہ آنحضرت ﷺ نے (سفر میں) روزہ بھی رکھا اور افطار بھی کیا۔ اب جس کا جی چاہے سفر میں روزہ رکھے جس کا جی چاہے نہ رکھے۔

    (بخاری، جلد اوّل، کتاب الصّوم، حدیث نمبر 1826 )
  • حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا میری اُمت کے لوگ ہمیشہ اچھے رہیں گے جب تک روزہ جلد افطار کرتے رہیں گے۔

    (بخاری، جلد اوّل، کتاب الصّوم، حدیث نمبر 1835 )
  • حضرت ربیع معوذ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے عاشورہ کے دن صبح کو انصار کی بستیوں میں کہلا بھیجا کہ جس نے آج روزہ نہ رکھا ہو وہ بھی باقی دن کچھ نہ کھائے اورجس نے روزہ رکھا ہو وہ روزے سے رہے۔ ربیعؓ کہتے ہیں اس حکم کے بعد ہم عاشورے کے دن روزہ رکھتے اپنے بچوں کو بھی رکھاتے اور اُن کے لئے اون کا کھلونا بنادیتے جب اِن میں سے کوئی کھانے کے لئے روتا تو ہم اس کو یہ کھلونا دے دیتے (وہ بہل جاتا) یہاں تک کہ افطار کا وقت آن پہنچتا۔

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الصوم حدیث نمبر 1838 )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ شعبان سے زیادہ کسی مہینے میں روزے نہ رکھتے۔ آپؐ پورے شعبان روزے رکھتے اور فرماتے اتنا ہی (نیک) عمل کرو جتنی کہ تم کو طاقت ہے۔ کیونکہ اللہ تو ثواب دینے سے تھکے گا نہیں۔ تم ہی تھک جاؤ گے اور آنحضرت ﷺ کو وہ نماز بہت پسند تھی جو ہمیشہ پڑھی جائے اگرچہ تھوڑی ہی ہو اور آپؐ جب کوئی (نفل) نماز پڑھنا شروع کرتے تو ہمیشہ اس کو پڑھتے۔

    (بخاری، جلد اوّل کتاب الصوم ، حدیث نمبر 1848 )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ جب رمضان کا آخری عشرہ آتا تو اپنا تہ بند مضبوط باندھتے اور رات کو جاگتے اور اپنے گھر والوں کو جگاتے۔

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الصّوم، حدیث نمبر 1898 )
« Previous 123456 Next » 

51

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق