حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جس آدمی نے اللہ تعالیٰ سے 3 بار جنت مانگی تو جنت اس کے حق میں یہ دعا کرتی ہے۔  اللہم ادخلہ الجنۃ ۔ ترجمہ۔( اے اللہ اس کو جنت میں داخل فرمادیجئے)۔ جس آدمی نے 3بار دوزخ سے پناہ طلب کی تو آگ یہ دعا کرتی ہے۔  اللہم اجرہ من النار۔  ترجمہ۔ (اے اللہ اس کو دوزخ سے محفوظ فرمالیجئے)۔
(ترمذی، نسائی)حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ5 چیزوں سے پناہ طلب کرتے تھے۔ ۱۔ بزدلی۔ ۲۔بخل۔ ۳۔بڑھاپے کی عمر۔ ۴۔ دل کے وسوسہ۔ ۵۔ عذاب قبر سے
(ابوداوُد)حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ سے اس کا فضل مانگو کیونکہ اللہ تعالیٰ کو یہ بات پسند ہے کہ ان سے مانگا جائے اور کشادگی (کی دعا کے بعد کشادگی) کا انتظار کرنا افضل عبادت ہے۔
(ترمذی)حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا دعا کے سوا کوئی چیز تقدیر کے فیصلہ کو ٹال نہیں سکتی اور نیکی کے سوا کوئی چیز عمر کو نہیں بڑھا سکتی اور آدمی (بسا اوقات) کسی گناہ کے کرنے کی وجہ سے روزی سے محروم کردیا جاتا ہے۔
(مستدرک حاکم)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جس شخص نے صبح اور شام سبحان اللہ وبحمدہ سو مرتبہ پڑھا تو کوئی شخص قیامت کے دن اس سے افضل عمل لے کر نہیں آئے گا سوائے اس شخص کے جو اس کے برابر یا اس سے زیادہ پڑھے۔ ایک روایت میں یہ فضیلت سبحان اللہ العظیم وبحمدہ کے بارے میں آئی ہے۔
(مسلم ،ابوداوُد)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور عرض کیا: اللہ کے رسول مجھے رات بچھو کے کاٹنے سے بہت تکلیف پہنچی۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اگر تم شام کے وقت یہ کلمات کہہ لیتے  اعوذ بکلمات اللہ التامات من شر ماخلق ۔ ترجمہ۔ (میں اللہ تعالیٰ کے سارے (نفع دینے والے شفا دینے والے) کلمات کے ذریعہ اس کی تمام مخلوق کے شر سے پناہ چاہتا ہوں) تو تمہیں بچھو کبھی نقصان نہ پہنچاسکتا۔
(مسلم)حضرت معقل بن یسار رضی اللہ عنہ نبی کریم ﷺ کا ارشاد نقل فرماتے ہیں جو شخص صبح تین مرتبہ  اعوذ باللہ السمیع العلیم من الشیطان الرجیم  پڑھ کر سورہ حشر کی آخری تین آیات پڑھ لے تو اس کے لئے اللہ تعالیٰ ستر ہزار فرشتے مقرر فرمادیتے ہیں جو شام تک اس پر رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور اگر اس دن مرجائے تو شہید مرے گا اور جو شخص شام کو پڑھے تو اس کے لئے اللہ تعالیٰ ستر ہزار فرشتے مقرر فرمادیتے ہیں جو صبح تک رحمت بھیجتے رہتے ہیں اور اگر اس رات مرجائے تو شہید مرے گا۔
(ترمذی)حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جو شخص صبح و شامسات مرتبہ حسبی اللہ لا الہ الا ھو علیہ توکلت وھو رب العرش العظیم سچے دل سے کہے یعنی فضیلت کے یقین کے ساتھ کہے یا یوں ہی فضیلت کے یقین کے بغیر کہے تو اللہ تعالیٰ اس کی (دنیا و آخرت کے) تمام غموں سے حفاظت فرمائیں گے، ترجمہ۔( مجھے اللہ تعالیٰ ہی کافی ہیں، ان کے سوا کوئی معبود نہیں ان ہی پر میں نے بھروسہ کیا اور وہی عرش عظیم کے مالک ہیں)۔
(ابوداوُد)حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی کریم ﷺ کو ارشاد فرماتے ہوئے سنا جب آدمی اپنے گھر میں داخل ہوتا ہے اور داخل ہونے اور کھانے کے وقت اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتا ہے تو شیطان (اپنے ساتھیوں سے) کہتا ہے یہاں تمہارے لئے نہ رات ٹھہرنے کی جگہ ہے اور نہ رات کا کھانا ہے۔ اور جب گھر میں داخل ہوتا ہے اور داخل ہوتے وقت اللہ تعالیٰ کا ذکر نہیں کرتا تو شیطان (اپنے ساتھیوں سے) کہتا ہے کہ یہاں تمہیں رات رہنے کی جگہ مل گئی اور جب کھانے کے وقت بھی اللہ تعالیٰ کا ذکر نہیں کرتا تو شیطان (اپنے ساتھیوں سے) کہتا ہے کہ یہاں تمہیں رات رہنے کی جگہ اور کھانا بھی مل گیا۔
(مسلم)حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جب کوئی شخص اپنے گھر سے نکلتے وقت یہ دعا پڑھے  بسم اللہ توکلت علی اللہ لاحول ولا قوۃ الا باللہ  (میں اللہ کا نام لے کر نکل رہا ہوں، اللہ ہی پر میرا بھروسہ ہے کسی خیر کے حاصل کرنے یا کسی شر سے بچنے میں کامیابی اللہ ہی کے حکم سے ہوسکتی ہے )اس وقت اس سے کہا جاتا ہے (یعنی فرشتے کہتے ہیں) تمہارے کام بنادیئے گئے اور تمہاری ہر شر سے حفاظت کی گئی۔ شیطان (نامراد ہوکر) اس سے دور ہوجاتا ہے۔
(ترمذی)« Previous 12345 Next » 41 |