حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی تلاوت بالکل واضح ہوا کرتی تھی۔ ایک ایک حرف الگ الگ کرکے تلاوت فرماتے تھے۔
(ترمذی، ابوداوُد۔ نسائی)حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کسی بندے کو دو رکعت نماز کی توفیق دے دیں اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ بندہ جب تک نماز میں مشغول رہتا ہے بھلائیاں اس کے سر پر بکھیر دی جاتی ہیں اور بندے اللہ تعالیٰ کا قرب اس چیز سے بڑھ کر کسی اور چیز کے ذریعہ حاصل نہیں کرسکتے جو خود اللہ تعالیٰ کی ذات سے نکلی ہے یعنی قرآن شریف۔ (ترمذی) ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا صاحبِ قرآن قیامت کے دن (اللہ تعالیٰ کے دربار میں) آئے گا تو قرآن شریف اللہ تعالیٰ سے عرض کرے گا اس کو جوڑا عطا فرمائیں، اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کو کرامت کا تاج پہنایا جائے گا۔ وہ پھر درخواست کرے گا اے میرے رب اور پہنایئے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اکرام کا پورا جوڑا پہنایا جائے گا۔ پھر وہ درخواست کرے گا اے میرے رب اس شخص سے راضی ہوجایئے تو اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوجائیں گے۔ پھر اس سے کہا جائے گا قرآن شریف پڑھتا جا اور جنت کے درجو ں پر چڑھتا جا اور (اُس کے لئے) ہر آیت کے بدلہ میں ایک نیکی بڑھا دی جائے گی۔
(ترمذی)حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا یہ قرآن کریم فکر و بے قراری (پیدا کرنے) کے لئے نازل ہوا ہے۔ جب تم اسے پڑھو تو رویا کرو اگر رونا نہ آئے تو رونے والوں جیسی شکل بنالو۔ اور قرآن شریف کو اچھی آواز سے پڑھو کیونکہ جو شخص اسے اچھی آواز سے نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ہے (یعنی ہماری کامل اتباع کرنے والوں میں سے نہیں ہے)
(ابن ماجہ)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ یعنی گھروں کو اللہ تعالیٰ کے ذکر سے آباد رکھو۔ جس گھر میں سورہ بقرہ پڑھی جاتی ہے شیطان اس گھر سے بھاگ جاتا ہے۔
(مسلم)حضرت سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جو شخص قرآن شریف پڑھ کر بھلادے تو وہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کے یہاں اس حال میں آئے گا کہ کوڑھ کے مرض کی وجہ سے اس کے اعضاء جھڑے ہوئے ہونگے۔
(ابوداوُد)حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا جو مسلمان بھی بستر پر جاکر قرآن کریم کی کوئی سی بھی سورت پڑھ لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی حفاظت کے لئے ایک فرشتہ مقرر فرمادیتے ہیں۔ پھر جب بھی وہ بیدار ہو اس کے بیدار ہونے تک کوئی تکلیف دہ چیز اس کے قریب بھی نہیں آتی۔
(ترمذی)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا ہر چیز کی کوئی چوٹی ہوتی ہے (جو سب سے اوپر اور بالا تر ہوتی ہے) اور قرآن کریم کی چوٹی سورہ بقرہ ہے اور اس میں ایک آیت ایسی ہے جو قرآن شریف کی ساری آیتوں کی سردار ہے، وہ آیت الکرسی ہے۔
(ترمذی)حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کیا تم میں سے کوئی شخص اس بات سے عاجز ہے کہ ایک رات میں تہائی قرآن پڑھ لیا کرے؟ صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا: ایک رات میں تہائی قرآن کیسے کوئی پڑھ سکتا ہے؟ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا قل ھواللہ احد تہائی قرآن کے برابر ہے۔
(مسلم)حضرت معاذ بن انس جہنی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے دس مرتبہ سورہ قل ھواللہ احد پڑھی اللہ تعالیٰ جنت میں اس کے لئے ایک محل بنادیں گے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یارسول اللہ پھر تو میں بہت زیادہ پڑھا کروں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا۔ اللہ تعالیٰ بھی بہت زیادہ اور بہت عمدہ ثواب دینے والے ہیں۔
(مسند احمد)حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا سورہ اذا زلزلت آدھے قرآن کے برابر ہے، سورہ قل ہواللہ احد ایک تہائی قرآن کے برابر ہے اور سورہ قل یآیھا الکفرون چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔
(ترمذی)« Previous 123456 Next » 56 |