حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ کسی بندے کو دو رکعت نماز کی توفیق دے دیں اس سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ بندہ جب تک نماز میں مشغول رہتا ہے بھلائیاں اس کے سر پر بکھیر دی جاتی ہیں اور بندے اللہ تعالیٰ کا قرب اس چیز سے بڑھ کر کسی اور چیز کے ذریعہ حاصل نہیں کرسکتے جو خود اللہ تعالیٰ کی ذات سے نکلی ہے یعنی قرآن شریف۔ (ترمذی) ۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا صاحبِ قرآن قیامت کے دن (اللہ تعالیٰ کے دربار میں) آئے گا تو قرآن شریف اللہ تعالیٰ سے عرض کرے گا اس کو جوڑا عطا فرمائیں، اللہ تعالیٰ کی طرف سے اس کو کرامت کا تاج پہنایا جائے گا۔ وہ پھر درخواست کرے گا اے میرے رب اور پہنایئے تو اللہ تعالیٰ کی طرف سے اکرام کا پورا جوڑا پہنایا جائے گا۔ پھر وہ درخواست کرے گا اے میرے رب اس شخص سے راضی ہوجایئے تو اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوجائیں گے۔ پھر اس سے کہا جائے گا قرآن شریف پڑھتا جا اور جنت کے درجو ں پر چڑھتا جا اور (اُس کے لئے) ہر آیت کے بدلہ میں ایک نیکی بڑھا دی جائے گی۔
(ترمذی)