اخلاق وکردارِ رسول ﷺ

  • حضرت ابی سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ پردہ میں رہنے والی کنواری لڑکی سے بھی زیادہ حیا کرنے والے تھے جب آپؐ کو کوئی چیز ناپسند ہوتی تو ہم آپؐ کے چہرہ مبارک سے جان لیتے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضر ت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے روایت ہے معاویہ رضی اللہ عنہ کوفہ آئے اور کہا رسول کریم ﷺ نہ ہی طبعاً بدگمانی کرتے تھے اور نہ ہی تکلفاً۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا تم میں سے اچھے وہ لوگ ہیں جن کے اخلاق اچھے ہیں۔

    (مسلم ، کتاب الفضائل)
  • حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ جس جگہ صبح کی نماز پڑھتے تھے تو سورج طلوع ہونے سے پہلے وہاں سے نہیں اٹھتے تھے۔ جب سورج طلوع ہوجاتا تو آپؐ وہاں سے اٹھتے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ کو جب دو کاموں میں سے ایک کام کرنے کا اختیار دیا جاتا تو آپؐ ان میں سے آسان کام کو اختیار فرماتے تھے بشرطیکہ وہ گناہ کا کام نہ ہو اور اگر گناہ کا کام ہو تو آپؐ سب لوگوں سے بڑھ کر اس کام سے دور رہتے۔ رسول کریم ﷺ نے کبھی کسی سے اپنی ذات کی وجہ سے انتقام نہیں لیا لیکن اگر کوئی آدمی اللہ کے حکم کے خلاف کام کرتا تو آپؐ اسے سزا دیتے تھے۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب :4785)(مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے کبھی کسی کو اپنے ہاتھ سے نہیں مارا۔ نہ ہی کسی عورت کو، نہ ہی کسی خادم کو۔ البتہ فی سبیل اللہ قتال فرمایا اور جب بھی آپؐ کو نقصان پہنچایا گیا تو آپؐ نے اس سے انتقام نہیں لیا مگر یہ کہ اللہ تعالیٰ کی حدود کی خلاف ورزی کی ہو پھر اللہ تعالیٰ کے لئے انتقام لیتے تھے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ کا سفید چمکتا ہوا رنگ تھا اور آپؐ کے پسینہ کے قطرے موتیوں کی طرح چمکتے تھے ۔جب آپؐ چلتے تو آگے کو جھک کر چلتے تھے اور میں نے کسی دیباج اور حریر (نرم ریشم کے اقسام) کو رسول اکرم ﷺ کے ہاتھ سے زیادہ ملائم نہیں پایا اور نہ میں نے کسی مشک یا عنبر کو رسول اکرم ﷺ (کے جسم کی خوشبو) سے زیادہ خوشبودار پایا۔ (سبحان اللہ)

    (مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے نبی کریم ﷺ ہمارے پاس دن میں تشریف لائے اور سوگئے آپؐ کو پسینہ آیا میری والدہ ایک شیشی لے کر آئیں اور آپؐ کا پسینہ پونچھ پونچھ کر اس میں ڈالنے لگیں۔ نبی کریمؐ بیدار ہوئے تو آپﷺ نے فرمایا اے ام سلیم یہ کیا کررہی ہو؟ انہوں نے کہا یہ آپؐ کا پسینہ ہے جس کو ہم خوشبو میں ڈالیں گے اور یہ سب سے بہترین خوشبو ہے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ کا قدر درمیانہ تھا ۔آپؐ کانہ بالکل گورا رنگ تھا اور نہ بالکل گندمی اور نہ بالکل گنگھریالے بال تھے نہ بالکل سیدھے ۔اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو 40 سال کی عمر میں نبوت عطا فرمائی آپؐ 10 سال مکہ مکرمہ میں رہے ۔63 سال کی عمر میں آپؐ نے وصال فرمایا اور اس وقت آپؐ کے سر اور داڑھی مبارک میں 20 بال بھی سفید نہیں تھے۔

    (مسلم ،کتاب الفضائل )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہے کہ جب نبی کریم ﷺ کو کسی شخص کے بارے غلط خبر پہنچتی تو آپ یہ فرماتے کہ فلاں شخص کو کیا ہوگیا (یعنی نام نہ پکارتے) بلکہ یوں فرماتے لوگوں کو کیا ہوگیا ہے وہ اس طرح کرتے ہیں۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب4788)
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کا کلام بالکل واضح ہوتا کہ ہر سننے والا سمجھ جاتا۔

    (سنن ابی داوُد، جلد سوئم کتاب الادب:4739)
« Previous 123 Next » 

24

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق