روزِقیامت اور علامات قیامت

  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن کافر سے کہا جائے گا یہ بتاؤاگر تمہارے پاس پوری زمین کے برابر سونا ہوتا تو کیا تم اس کو عذاب سے نجات کے لئے دے دو گے؟ وہ کہے گا جی ہاں ۔اس سے کہا جائے گا تم سے اس کے مقابلہ میں دنیا میں بہت آسان چیز (اسلام قبول کرنے) کا مطالبہ کیا گیا تھا (جو تم نے پورا نہیں کیا)۔

    (مسلم ،کتاب صفۃ القیامۃ والجنۃ والنار)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جس جہنمی کو دنیا میں سب سے زیادہ نعمتیں ملی ہوں گی اس کو قیامت کے دن بلایا جائے گا اور اس کو جہنم میں ایک غوطہ دے کر پوچھا جائے گا اے ابن آدم کیا تم نے دنیا میں کوئی خیر دیکھی تھی؟ وہ کہے گا نہیں اے میرے رب ،پھر اہل جنت میں سے اس شخص کو لایا جائے گا جو دنیا میں سب سے زیادہ تکلیف میں رہا ہوگا اس کو جنت کی جھلک دکھا کر پوچھا جائے گا اے ابن آدم کیا تو نے دنیا میں کوئی تکلیف دیکھی؟ وہ کہے گا نہیں اے میرے رب ،نہ مجھے کبھی کوئی تکلیف پہنچی تھی ا ور نہ کبھی کوئی سختی ۔

    (مسلم ،کتاب صفۃ القیامۃ والجنۃ والنار)
  • حضرت مقداد بن اسود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن سورج مخلوق کے اس قدر قریب ہوگا کہ صرف ایک میل کا فاصلہ رہ جائے گا۔ لوگ اپنے اعمال کے حساب سے پسینہ میں ڈوبے ہوئے ہوں گے، بعض لوگوں کا پسینہ ٹخنوں تک ہوگا بعض کا گھٹنوں تک، بعض کا کمر تک اور بعض کا منہ تک ہوگا۔

    (مسلم ، باب جہنم)
  • حضرت حفصہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اس گھر والوں (بیت اللہ) سے لڑنے کے ارادہ سے ایک لشکر چڑھائی کرے گا یہاں تک کہ جب وہ زمین کے ہموار میدان میں ہوں گے تو ان کے درمیانی لشکر کو زمین میں دھنسا دیا جائے گا اور ان کے آگے والے پیچھے والوں کو مدد کے لئے پکاریں گے پھر انہیں بھی زمین میں دھنسا دیا جائے گا اور سوائے ایک آدمی کے جو بھاگ کر ان کے بارے میں اطلاع دے گا کوئی باقی نہ رہے گا۔

    (مسلم ، کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: عنقریب فتنے برپا ہوں گے، ان میں بیٹھنے والا کھڑے ہونے والے سے، کھڑا ہونے والا چلنے والے سے اور چلنے والا دوڑنے والے سے بہتر ہوگا ۔جو ان فتنوں کو دیکھے گا وہ فتنے اسے ہلاک کردیں گے اورجس شخص کو ان سے پناہ کی جگہ مل جائے وہ ضرور پناہ حاصل کرے۔

    (مسلم ، کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک بہت زیادہ ہرج نہ ہو۔ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا اے اللہ کے رسولؐ ہرج کیا ہے آپؐ نے فرمایا: قتل، قتل۔

    (مسلم ،کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک قیامت نہیں آئے گی جب تک کہ دریائے فرات سے سونے کا پہاڑ نہ نکل آئے جس پر جنگ ہوگی اورہر 100 آدمیوں میں 99 آدمی مارے جائیں گے اور ان میں سے ہر شخص یہ سوچے گا کہ شاید میں ہی وہ شخص ہوں جس کو نجات مل جائے گی۔

    (مسلم ، کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
  • حضرت حذیفہ بن اسید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جب تک 10 نشانیاں ظاہر نہ ہوں قیامت نہیں آئے گی۔ ۱۔ مشرق میں زمین کا دھنسنا، ۲۔مغرب میں زمین کا دھنسنا، ۳۔جزیرہ عرب میں زمین کا دھنسنا، ۴۔دھویں کا نمودار ہونا، ۵۔دجال کا ظہور، ۶۔دابۃ الارض (ایک چوپایہ جانور جو قیامت کے نزدیک زمین سے نکلے گا اور لوگوں سے گفتگو کرے گا)، ۷۔یاجوج ماجوج کا نکلنا، ۸۔مغرب سے سورج کا طلوع ہونا، ۹۔ایک آگ جو عدن (ایک جگہ کا نام ہے) کے کنارے سے نکلے گی جو لوگوں کو ہانک کر حشر کے میدان کی طرف لے جائے گی، ۱۰۔عیسیٰ علیہ السلام کا نازل ہونا۔

    (مسلم ،کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ قاتل کو یہ معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کیوں قتل کررہا ہے اور مقتول کو یہ معلوم نہ ہوگا کہ اس کو کیوں قتل کیا گیا۔

    (مسلم ، کتاب الفتن والشراط الساعۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا: اس وقت تک قیامت قائم نہیں ہوگی جب تک دجال اور کذاب (انتہائی جھوٹوں) کا ظہور نہ ہوجائے جو 30 کے قریب ہوں گے ان میں سے ہر ایک کا یہ خیال ہوگا کہ وہ اللہ کا رسول ہے۔

    (مسلم ، کتاب الفتن واشراط الساعۃ)
« Previous 12345 Next » 

43

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق