شرک

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا ہر نبی کی ایک خاص دعا ہوتی ہے جو ضرور قبول ہوتی ہے ہر ایک نبی نے جلدی کرکے (دنیا ہی میں) وہ دعا مانگ لی اور میں نے اپنی دعا قیامت کے دن اپنی امت کی شفاعت کے لئے محفوظ رکھی ہے اور ان شاء اللہ میری یہ شفاعت ہر اس امتی کے لئے ہوگی جو شرک سے بچا رہے گا۔

    (مسلم ،کتاب الایمان)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا یہود اور نصاری پر اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو کہ انہوں نے اپنے نبیوں ؑ کی قبروں کو سجدہ گاہ بنالیا۔

    (مسلم ، کتاب المساجد ومواضع الصلوۃ)
  • حضرت عبداللہ بن قیس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا تکلیف دہ باتوں کو سن کر اللہ تعالیٰ سے زیادہ صبر کرنے والا کوئی نہیں ہے لوگ اللہ تعالیٰ کے لئے شریک بناتے ہیں اور اس کا بیٹا بناتے ہیں اور وہ اس کے باوجود ان کو رزق دیتا ہے عافیت کے ساتھ رکھتا ہے اور ان کو مزید نعمتیں عطا فرماتا ہے۔

    (مسلم، کتاب صفۃ القیامۃ والجنۃ والنار )
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا ہر سوموار اور جمعرات کے روز جنت کے دروازے کھولے جاتے ہیں ان دو روز میں مشرک کے سوا ہر شخص کو معاف کردیا جاتا ہے۔ بجز اس شخص کے جس کی اپنے بھائی سے عداوت ہو ان کے بارے کہا جاتا ہے کہ انہیں مہلت دو حتی کہ صلح کرلیں۔

    (سنن ابی داوُ د، جلد سوئم کتاب الادب :2916)
  • حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جو شخص اللہ تعالیٰ سے اس حال میں ملے کہ وہ ان کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرتا ہو، پانچوں وقت کی نماز پڑھتا ہو اور رمضان کے روزے رکھتا ہو اس کی مغفرت کردی جائے گی۔

    (مسند احمد)
  • حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا۔ ہر گناہ کے بارے میں یہ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے معاف فرمادیں گے سوائے اس شخص کے (گناہ کے) جو شرک کی حالت میں مرا ہو یا اس مسلمان کے (گناہ کے) جس نے کسی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کیا ہو۔

    (ابوداوُد)
  • حضرت شداد بن اوس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا جس نے دکھلانے کے لئے نماز پڑھی اس نے شرک کیا، جس نے دکھلانے کے لئے روزہ رکھا اس نے شرک کیا اور جس نے دکھلانے کے لئے صدقہ کیا اس نے شرک کیا۔

    (مسند احمد)
  • حضرت ابی الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے مجھے وصیت کی ہے کہ تم اللہ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ بنانا اگرچہ تمہارے (جسم کے) ٹکڑے ٹکڑے کردیئے جائیں اور تم کو جلادیا جائے اور فرض نماز جان بوجھ کر نہ چھوڑنا اس لئے کہ جو فرض نماز کو جان بوجھ کر چھوڑ دیتا ہے تو اللہ اس کی حفاظت کا ذمہ دار نہیں ہوتا ہے۔ تم شراب نہ پینا اس لئے کہ شراب ہر برائی کی جڑ ہے۔

    (ابن ماجہ )
  • حضرت معاذ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے دس باتوں کی وصیت فرمائی۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کرنا اگرچہ تمہیں قتل کردیا جائے اور جلادیا جائے۔ والدین کی نافرمانی نہ کرنا اگرچہ وہ تمہیں اس بات کا حکم دیں کہ بیوی کو چھوڑ دو اور سارا مال خرچ کردو۔ فرض نماز جان بوجھ کر نہ چھوڑناکیونکہ جو شخص فرض نماز جان بوجھ کر چھوڑدیتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کی ذمہ داری سے نکل جاتا ہے۔ شراب نہ پیناکیونکہ یہ ہر برائی کی جڑ ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نافرمانی نہ کرنا کیونکہ نافرمانی کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کی ناراضگی اترتی ہے۔ میدان جنگ سے نہ بھاگنا اگرچہ تمہارے ساتھی ہلاک ہوجائیں۔ جب لوگوں میں موت (وبا کی صورت میں) عام ہوجائے (جیسے طاعون وغیرہ) اور تم ان میں موجود ہو تو وہاں سے نہ بھاگنا۔ گھر والوں پر اپنی حیثیت کے مطابق خرچ کرنا (تربیت کے لئے) ان پر سے لکڑی نہ ہٹانا۔ ان کو اللہ تعالیٰ سے ڈراتے رہنا۔

    (مسند احمد)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا اللہ تعالیٰ تمہاری تین چیزوں کو پسند فرماتے ہیں اور تین چیزوں کو ناپسند فرماتے ہیں۔ تمہاری اس بات کو پسند فرماتے ہیں کہ تم اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو، ان کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراؤ، اور سب مل کر اللہ تعالیٰ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑے رہو (الگ الگ ہوکر) بکھر نہ جاؤ اور جنہیں اللہ تعالیٰ نے تمہارا ذمہ دار بنایا ہے ان کے لئے خلوص، وفاداری اور خیر خواہی رکھو اور تمہاری ان باتوں کو ناپسند فرماتے ہیں کہ تم فضول بحث ومباحثہ کرو، مال ضائع کرو اور زیادہ سوالات کرو۔

    (مسند احمد)
« Previous 12 Next » 

20

اعتقاد

نیکیاں

حقوق ومعاشرت

منکرات

شان رسول ﷺ

فضائل

دعا ئیں

متفرق