جنت و دوزخ

  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو کوئی صبح اور شام مسجد (نماز کے لئے) جایا کرے وہ جب صبح اور شام کو جائے گا اللہ تعالیٰ بہشت میں اس کی مہمانی کا سامان کردے گا۔

    (بخاری، جلد اوّل، کتاب الاذان حدیث نمبر 628 )
  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ کی راہ میں جوڑا (دو روپیہ یا دو کپڑے یا اور کوئی چیزیں) خرچ کرے گا اس کو (فرشتے )بہشت کے دروازوں سے پکاریں گے خدا کے بندے یہ دروازہ اچھا ہے۔ پھر جو کوئی مجاہد ہوگا ہو جہاد کے دروازے سے بلایا جائے گا۔ جو زکوٰۃ دینے والا ہوگا وہ زکوٰۃ کے دروازے سے بلایا جائے گا ۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے یہ سن کر عرض کیا میرے ماں باپ آپ ﷺ پر صدقے یا رسول اللہ! اگر کوئی اِن دروازوں میں سے کوئی ایک دروازے سے بھی بلایا جائے تو کوئی حرج نہیں لیکن کوئی ایسا بھی ہوگا جو ان سب دروازوں سے بلایا جائے گا؟ آپ ﷺ نے فرمایا ہاں ایسے لوگ بھی ہوں گے اور مجھے اُمید ہے تم ان لوگوں میں ہوگے۔

    (بخاری، جلد اوّل کتاب الصوم حدیث نمبر 1779 )
  • حضرت ابو سعیدخدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے آنحضرت ﷺ نے فرمایا جب ایمان دار لوگ (قیامت کے دن) دوزخ پر سے گزر جائیں گے تو بہشت اور دوزخ کے درمیان ایک پل پر اٹکائے جائیں گے، اور دنیا میں جو انہوں ایک دوسرے پر ظلم کیا تھا اس کا بدلہ لیا جائے گا۔ جب پاک صاف ہو جائیں گے تو ان کو بہشت کے اندر جانے کی اجازت ملے گی۔ قسم اس کی جس کے ہاتھ میں محمد ﷺ کی جان ہے۔ ہر شخص کو بہشت میں اپنا مکان دنیا کے مکان سے بڑھ کر معلوم ہو گا۔

    (بخاری، جلد اول کتاب المظالم حدیث نمبر 2276 )
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا میں قیامت کے دن جنت کے دروازے پر آکر اسے کھلواؤں گا۔ جنت کا چوکیدار پوچھے گا تم کون ہو؟ میں کہوں گا محمد ﷺ وہ کہے گا آپ ہی کے لئے مجھے حکم ہوا تھا کہ آپ ﷺسے پہلے کسی کے لئے بھی دروازہ نہ کھولنا۔

    (مسلم ، کتاب الایمان )
  • حضرت صہیب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: جب (تمام لوگ) جنت میں چلے جائیں گے تو اس وقت اللہ تعالیٰ ان سے فرمائیں گے کہ کیا تم مزید کچھ چاہتے ہو؟ جنتی عرض کریں گے (اے اللہ) کیا آپ نے ہمارے چہروں کو روشن نہیں کیا؟ آپ نے ہمیں جنت میں داخل نہیں کیا؟آپ نے ہم کو دوزخ سے نجات نہیں دی ؟ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: پھر اللہ ان کے اور اپنے درمیان پردہ اٹھا دیں گے اور جنتی اللہ تعالیٰ کا دیدار کریں گے تو ان کو اس دیدار سے زیادہ کوئی چیز پیاری نہیں ہوگی۔

    (مسلم ، کتاب الایمان )
  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا۔جنت میں سب سے کم درجہ کا جنتی وہ ہو گا جس سے اللہ تعالیٰ فرمائیں گے کہ تم تمنا کرو۔ وہ تمنا کرے گا ، پھر اللہ تعالیٰ اس سے فرمائیں گے کیا تم نے تمنا کرلی؟ وہ کہے گا ہاں۔ پھر اللہ تعالیٰ اس سے فرمائیں گے کہ تمہارے لئے وہ ہے جو تم نے تمنا کی ، مزید اس جتنا اور بھی لے لو تمہارے لئے وہ ہے جو تم نے تمنا کی، مزید اس جتنا اور بھی لے لو۔

    (مسلم ، کتاب الایمان )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔سیدھی راہ پر چلو، میانہ روی اختیار کرو، ایک دوسرے کو خوشخبری دو، بے شک کسی شخص کو اس کا عمل جنت میں داخل نہیں کرے گا۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے عرض کیا، اے اللہ کے رسول! آپ ﷺ کو بھی نہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا مجھے بھی نہیں مگر یہ کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت میں مجھے چھپا لے اور یاد رکھو اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے پسندیدہ عمل وہ ہے جس میں ہمیشگی ہو، خواہ وہ عمل کم ہو۔

    (مسلم ، کتاب صفۃ القیامۃ والجنۃ وَالنَّار)
  • حضرت ابی سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جنتی لوگ اپنے اوپر کی منزل کو اس طرح دیکھیں گے جس طرح تم آسمان میں چمکتے ہوئے ستاروں کو دیکھتے ہو کیونکہ بعض (مسلمان) کے درجات بعض (دوسروں) سے زیادہ ہونگے ۔صحا بہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ ! وہ انبیاء کے درجات ہوں گے جن تک کوئی اور نہیں پہنچ سکتا ؟آپ ﷺ نے فرمایا نہیں اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے یہ وہ لوگ ہیں جو اللہ پر ایمان لائے اور اس کے رسولوں کی تصدیق کی۔

    (مسلم، صفۃ القیامۃ والجنۃ وَالنَّار)
  • حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا : جنت کو تکالیف نے گھیرا ہوا ہے اور دوزخ کو نفسانی خواہشات نے گھیرا ہوا ہے۔

    (مسلم ، کِتَابُ صفۃ القیامۃ والجنۃ وَالنَّار)
  • حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جنت میں ایک بازار ہے جس میں جنتی ہر جمعہ کے دن آیا کریں گے اس دن شمال سے ہوا چلے گی جو ان کے چہروں اور کپڑوں پر سے گزرے گی ۔ اس دن ان کا حُسن و جمال اور بڑھ جائے گا۔ پھر وہ اپنے گھر والوں کی طرف لوٹ کر جائیں گے تو وہ کہیں گے اللہ کی قسم ہمارے پاس سے جانے کے بعد تمہارا حُسن و جمال بہت زیادہ ہو گیا ہے وہ کہیں گے اللہ کی قسم ہمارے بعد تمہارا حسن و جمال بھی بہت زیادہ ہو گیا ۔

    (مسلم ، کِتَابُ صفۃ القیامۃ والجنۃ وَالنَّار )
« Previous 12345 Next » 

41