حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا : جو مسلمان درخت لگاتا ہے پھر اس میں سے جتنا حصہ کھالیا جائے وہ درخت لگانے والے کے لیے صدقہ ہو جاتا ہے اور جو اس میں سے چرالیا جائے وہ بھی صدقہ ہو جا تا ہے (یعنی اس پر بھی مالک کو صدقہ کا ثواب ملتاہے) اور جتنا حصہ اس میں سے درندے کھا لیتے ہیں وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے جا تا ہے اور جتنا حصہ اس میں سے پر ندے کھا لیتے ہیں وہ بھی اس کے لیے صدقہ ہے جا تاہے ( غرض یہ کہ ) جو کوئی اس درخت میں سے کچھ (بھی پھل وغیرہ ) لیکر کم کر دیتا ہے تو وہ اس ( درخت لگانے والے) کے لیے صدقہ ہو جاتا ہے ۔
(مسلم)حضرت قاسم ؒ فرماتے ہیں کہ دمشق میں حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ کے پاس سے ایک شخص گزرا۔ اس وقت حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ کوئی پودا لگارہے تھے۔ اس شخص نے ابودرداء رضی اللہ عنہ سے کہا:کیا آپ بھی یہ (دنیاوی ) کام کررہے ہیں حالانکہ آپ تو رسول اللہ ﷺ کے صحابی ہیں۔ حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا: مجھے ملامت کرنے میں جلدی نہ کرو۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جو شخص پودا لگاتا ہے اور اس میں سے کوئی انسان یا اللہ تعالیٰ کی مخلوق میں سے کوئی مخلوق کھاتی ہے تو وہ اس (پودا لگانے والے) کے لئے صدقہ ہوتا ہے۔
(مسند احمد)حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا : جو مسلمان کو کپڑا پہناتا ہے تو جب تک پہننے والے کے بدن پر اس کپڑے کا ایک ٹکڑا بھی رہتا ہے ، پہنانے والا اللہ تعالیٰ کی حفاظت میں رہتا ہے ۔
( تر مذی )حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا : ہر نیک کام صدقہ ہے اور نیکیوں میں سے ایک نیکی یہ بھی ہے کہ تم اپنے (مسلمان )بھائی سے خوشی سے ملا قات کرو اور اپنے ڈول سے اپنے بھائی کے برتن میں پانی ڈالو ۔
(تر مذی)حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے ارشاد فرمایا : جس آدمی نے بے آباد زمین کو آباد کیا اس کے آباد کر نے کی وجہ سے اسے ثواب ملے گا اور جس قدر اس میں سے جا نور اور پر ندے کھا جائیں وہ اس کے حق میں صدقہ ہے ۔
(نسائی)حضرت عائشہ ر ضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ میں نے ایک بکری ذبح کر کے تقسیم کر دی پھر رسول کریم ﷺ نے پو چھا کہ اس میں سے کچھ باقی ہے ؟ میں نے جواب دیا کہ اس سے صرف کندھے کا گوشت باقی بچا ہے ۔آپ ﷺ نے فرمایا :کندھے کے گو شت کے علاوہ سب باقی ہے ۔
(ترمذی)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ کون سا صدقہ افضل ہے ؟آپ ﷺ نے فرمایا : تھوڑے مال والے کا ،جس کا خرچ مشکل سے چلتا ہو اور خرچ کرنے کا آغاز اپنے اہل وعیال سے کرے۔
(ابوداو‘ د)حضرت سلیمان بن عامر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فر مایا :مسکین پر صدقہ کرنا صرف صدقہ ہے اور رشتہ دار پر صدقہ کرنا دوہرا ثواب ہے ، ایک( ثواب ) صدقہ کا اور دوسرا صلہ رحمی کا۔
(تر مذی ،ابن ماجہ ،نسائی )