حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کو یہ دعا کرتے دیکھا۔ اے اللہ، میں آپ سے جنت کی دائیں جانب سفید محل کا سوال کرتا ہوں۔ میں نے کہا اے میرے بیٹے، اللہ سے جنت کا سوال کرو اور دوزخ سے پناہ طلب کرو۔ اس لئے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا بلاشبہ اس امت میں ایسے لوگ بھی پیدا ہونگے جو طہارت اور دعا میں حد سے تجاوز کریں گے۔
(احمد )حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا دعا عبادت کا مغز ہے۔
(ترمذی)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ کے ہاں دعا سے زیادہ کسی چیز کو بلند مرتبہ حاصل نہیں ہے۔
(ترمذی، ابن ماجہ )حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا تقدیر کو صرف دعا ہی بدل سکتی ہے اور عمر میں اضافہ صرف نیک اعمال سے ہوسکتا ہے۔
(ترمذی)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جو آدمی اللہ تعالیٰ سے سوال نہیں کرتا اللہ تعالیٰ اس پر ناراض ہوتے ہیں۔
(ترمذی)حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا تم میں سے جس آدمی کے لئے دعا مانگنے کا دروازہ کھل گیا اس کے لئے رحمت کے دروازے کھل گئے اور اللہ تعالیٰ سے جتنی چیزوں کا سوال ہوتا ہے ان میں سے اللہ تعالیٰ کو سب سے زیادہ پسند یہ ہے کہ اس سے (دنیا و آخرت کی تمام آفات سے) حفاظت کا سوال کیا جائے۔
(ترمذی)حضرت ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روا یت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو شخص یہ چاہتا ہے کہ مصیبتوں میں اللہ تعالیٰ اس کی دعا قبول فرمائیں اسے چاہئے کہ عام حالات میں بھی اللہ رب العزت سے کثرت سے دعائیں مانگے۔
(ترمذی)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا تم اللہ تعالیٰ سے دعا کی قبولیت کا یقین رکھتے ہوئے دعا مانگو۔ اور یہ بات سمجھ لو کہ اللہ تعالیٰ اس شخص کی دعا کو قبول نہیں فرماتے جس کا دل (دعا مانگتے وقت) اللہ تعالیٰ سے غافل ہو (اللہ تعالیٰ کے غیر میں لگا ہوا ہو)۔
(ترمذی)حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جامع دعاؤں کو پسند فرماتے تھے اور اس کے علاوہ کی دعاؤں کو چھوڑ دیتے تھے۔
(ابوداوُد)حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا تم میں سے ہر آدمی اپنے رب سے اپنی تمام ضروریات طلب کرے یہاں تک کہ اگر جوتے کا تسمہ بھی ٹوٹ جائے تو وہ بھی اللہ تعالیٰ سے طلب کرے۔
(ترمذی)