حضرت عبداللہ بن ابی اوفی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ہم رسول کریم ﷺ کے ساتھ رمضان کے مہینہ میں ایک سفر پر تھے جب سورج غروب ہوگیا تو آپ ﷺ نے فرمایا اے فلاں اتر و اور ہمارے لےئے ستوملاؤ۔ انہوں نے عرض کیا یا رسول اللہ ابھی تو دن ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اُترو اور ہمارے لئے ستو ملاؤ۔ تو وہ اُترے اور انہوں نے ستو ملا کر آپؐ کی خدمت میں پیش کیا۔ رسول کریم ﷺ نے ستو پیا۔ پھر آپؐ نے اپنے ہاتھ مبارک سے (اشارہ کرکے) فرمایا: جب سورج اس طرف سے غروب ہو جائے اور اس طرف سے رات آجائے تو روزہ رکھنے والے کو روزہ افطار کر لینا چاہئے۔
(مسلم، کتاب الصِیام)حضرت ابی سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ہم رسول کریم ﷺ کے ساتھ رمضان المبارک میں سفر کرتے تھے ۔ نہ ہی روزہ دار کے روزہ پر کوئی تنقید کرتا اور نہ ہی روزہ چھوڑنے والے کو چھوڑنے پر کوئی تنقید کرتا تھا۔
(مسلم ، کتاب الصیام)حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا :آپؐ ایک سفر میں تھے اور آپؐ نے ایک آدمی کو دیکھا کہ لوگ اس کے اردگرد جمع ہیں اور اس پر سایہ کیا گیا ہے تو آپ ﷺ نے فرمایا اس آدمی کو کیا ہوا ہے؟ لوگوں نے عرض کیا’’یہ ایک آدمی ہے جس نے روزہ رکھا ہوا ہے‘‘ تب رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ’’یہ نیکی نہیں کہ تم سفر میں روزہ رکھو‘‘۔
(مسلم ، کِتاب الصیام)حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ لوگ عرفہ کے دن رسول اکرم ﷺ کے روزہ کے بارے میں شک میں پڑ گئے ۔ چنانچہ میں نے آپؐ کی طرف دودھ کا پیالہ بھیجا جس وقت کہ آپؐ عرفات کے میدان میں کھڑے ہوئے تھے ۔ آپؐ نے اس پیالہ سے دودھ پیا جب کہ لوگ آپ ﷺ کی طرف دیکھ رہے تھے۔
(مسلم ، کتاب الصیام)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے عید الاضحی اور عید الفطر کے دن کے روزہ رکھنے سے منع فرمایا ہے۔
(مسلم ، کتاب الصیام)حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں رسول کریم ﷺ کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ ایک عورت آئی اور اس نے عرض کیا کہ میں نے اپنی ماں پر ایک لونڈی صدقہ کی تھی اور وہ فوت ہوگئی ہے آپ ﷺ نے فرمایا! تمہارا جر لازم ہے اور وراثت نے تم پر اسے لوٹا دیا۔ اس عورت نے عرض کیا کہ اس پر ایک ماہ کے روزہ بھی لازم تھے کیا میں ان کی طرف سے روزہ رکھوں؟ آپؐ نے فرمایا : تم ان کی طرف سے روزہ رکھ لو ۔ اس عورت نے عرض کیا کہ میری ماں نے حج نہیں کیا تھا، کیا میں اُن کی طرف سے حج بھی کرلوں آپؐ نے فرمایا: ان کی طرف سے حج بھی کرلو۔
(مسلم، کِتاب الصیام)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا اللہ عزوجل ارشاد فرماتا ہے ۔ ابن آدم نے روزہ کے علاوہ ہر عمل اپنے لئے کیا اور روزہ میرے لئے رکھا اور اس کی خصوصی جزا میں خود ہی دوں گا۔ اس ذات کی قسم جس کے قبضہ میں محمد ﷺ کی جان ہے اللہ تعالیٰ کے نزدیک روزہ دار کے منہ کی بو مشک سے زیادہ خوشبو دار ہے۔
(مسلم، کتاب الصیام)حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا روزہ (جہنم کے آگے سے بچاؤ کے لئے ) ڈھال ہے۔
(مسلم، کِتاب الصیام)حضر ت ابی سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے ۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جس شخص نے ایک دن اللہ تعالیٰ کی راہ میں روزہ رکھا ۔ اللہ تعالیٰ جہنم کی آگ کو اس کے چہرے سے ستر سال کی مسافت تک دور فرما دیں گے۔
(مسلم ، کَتاب الصیام)حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ رمضان کے علاوہ کوئی مکمل مہینہ روزہ نہیں رکھتے تھے اور جب آپؐ روزہ رکھتے تو کہنے والا کہتا۔ اللہ کی قسم اب آپؐ روزہ رکھنا نہیں چھوڑیں گے۔ جب روزہ رکھنا چھوڑ تے تو کہنے والا کہتا۔ اللہ کی قسم اب آپؐ روزہ نہیں رکھیں گے۔
(مسلم ، کتاب الصیام)