مساجد اور نماز کے مقامات

  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب نمازکی تکبیر ہوجائے تو دوڑتے ہوئے نہ آؤ بلکہ چلتے ہوئے آؤ اور تم پر تسکین ہو جو ملے پڑھ لو اور جو فوت ہوجائے پوری کرلو۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب الصلوۃ :367)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: جب کسی آدمی کو مسجد میں خریدو فروخت کرتے دیکھو تو کہو اللہ تیری تجارت کو نفع بخش نہ بنائے اور جب کسی آدمی کو مسجد میں گم شدہ چیز کا اعلان کرتے دیکھو تو اس کو کہو کہ اللہ گمشدہ چیز تجھے واپس نہ لوٹائے۔

    (ترمذی، دارمی)
  • حضرت معاویہ بن قرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے کچی پیاز اور لہسن کھاکر مسجدمیں آنے سے منع فرمایا ہے اور فرمایا: اگر تم نے کھانا ہی ہے تو پکاکر ان کی بدبو کو ختم کرکے کھایا کرو۔

    (ابوداوُد)
  • حضرت ابی سعید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: قبرستان اور غسل خانہ کے علاوہ پوری زمین سجدہ گاہ ہے۔

    (ابوداوُد، ترمذی )
  • حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ان لوگوں کو قیامت کے دن مکمل نور ملنے کی خوشخبری دے دیجئے جو لوگ اندھیروں میں مسجدوں کی طرف (نماز کے لئے) جاتے ہیں۔

    (ترمذی، ابوداوُد)
  • حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب تم کسی کو بکثرت مسجد میں آنے والا دیکھو تو اس کے ایماندار ہونے کی گواہی دو۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے۔  (انما یعمر مسجد اللہ من امن باللہ والیوم الاخر)  مسجدوں کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ تعالیٰ پر اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں۔

    (ترمذی)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو مسلمان نماز اور اللہ تعالیٰ کے ذکر کے لئے مساجد کو اپنا ٹھکانا بنالیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس سے ایسے خوش ہوتے ہیں جیسے گھر کے لوگ اپنے کسی گھر والے کے واپس آنے پر خوش ہوتے ہیں۔

    (ابن ماجہ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو لوگ کثرت سے مسجدوں میں جمع رہتے ہیں وہ مسجدوں کے کھونٹے ہیں۔ فرشتے ان کے ساتھ بیٹھتے ہیں۔ اگر وہ مسجدوں میں موجود نہ ہوں تو فرشتے انہیں تلاش کرتے ہیں۔ اگر وہ بیمار ہوجائیں تو فرشتے ان کی عیادت کرتے ہیں۔ اگر وہ کسی ضرورت کے لئے جائیں تو فرشتے ان کی مدد کرتے ہیں۔ آپ ﷺ نے یہ بھی ارشاد فرمایا: مسجد میں بیٹھنے والا تین فائدوں میں سے ایک فائدہ حاصل کرتا ہے۔ کسی بھائی سے ملاقات ہوتی ہے جس سے کوئی دینی فائدہ ہوجاتا ہے۔ یا کوئی حکمت کی بات سننے کو مل جاتی ہے۔ یا اللہ تعالیٰ کی رحمت مل جاتی ہے جسکا ہر مسلمان کو انتظار رہتا ہے۔

    (مسند احمد)