مسلمان کے حقوق

  • حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ہم کو سات باتوں کا حکم دیا اور سات باتوں سے منع فرمایا پھر جن باتوں کا حکم دیا ان کا بیان کیا۔ بیمار پرسی کرنا اور جنازوں کے ساتھ جانا اور چھینک کا جواب دینا اور سلام کا جواب دینا اور مظلوم کی مدد کرنا اور دعوت قبول کرنا اور قسم دینے والے کی قسم پوری کرنا۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب المظالم ،حدیث نمبر2281)
  • حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا مومن دوسرے مومن کے لئے ایسا ہونا چاہئے جیسے عمارت، اس کی ایک اینٹ دوسری اینٹ کو تھامے ہوئے ہے اور آپ نے انگلیاں قینچی کرلیں۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ1928)(بخاری ، جلد اول کتاب المظالم، حدیث نمبر 2282)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جس نے کسی دوسرے کی عزت یاٍ آ بررو ریزی کی ہو یا اور کوئی ظلم کیا ہو تو وہ آج دنیا میں معاف کرالے اس دن سے پہلے جہاں نہ روپیہ ہوگا نہ اشرفی۔ البتہ جونیک عمل اس کے پاس ہوگا وہ اس ظلم کے موافق لے لیا جائے گا اور اگر( اس کے نا مہ اعمال میں )نیک عمل نہ ہوگا تو مظلوم کی برائیاں لے کر اس پر ڈال دی جائیں گی۔

    (بخاری ، جلد اول کتاب المظالم ،حدیث نمبر2285)
  • حضرت جریر بن عبداللہ البجلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے آنحضرت ﷺ سے اس شرط پر بیعت کی کہ نماز پڑھا کروں گا اور زکوۃ دیا کروں گا اور ہر مسلمان کا خیر خواہ رہوں گا۔

    (بخاری ،جلد اول کتاب الشروط ،حدیث نمبر2533)
  • حضرت ابی امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص جھوٹی قسم کھاکر کسی مسلمان کے حق پر قبضہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس پر جہنم واجب اور جنت حرام کردیتا ہے۔ ایک شخص نے عرض کیا اے اللہ کے رسول ﷺ اگر وہ معمولی چیز ہی کیوں نہ ہو؟ آپؐ نے فرمایا اگرچہ وہ پیلو کے درخت کی ایک شاخ ہی کیوں نہ ہو۔

    (مسلم کتاب الایمان)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، بلاوجہ چیزوں کی قیمتیں نہ بڑھاؤ ،ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، ایک دوسرے سے ناراضگی نہ رکھو، کسی کی بیع پر بیع نہ کرو۔ اللہ تعالیٰ کے بندے اور بھائی بھائی بن جاؤ، مسلمان مسلمان کا بھائی ہے لہذا کوئی بھی اپنے بھائی پر ظلم نہ کرے اس کو رسوا نہ کرے۔ اس کو حقیر نہ سمجھے ۔رسول کریم ﷺ نے اپنے سینہ کی طرف اشارہ کرکے 3 بار فرمایا تقویٰ یہاں ہے کسی شخص کی برائی کے لئے یہی کافی ہے کہ وہ اپنے بھائی کو حقیر جانے۔ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان پر اس کا خون بہانا، اس کی عزت پامال کرنا اور اسکا مال لوٹنا حرام ہے۔

    (جامع ترمذی ،جلد اول باب البر والصلۃ1927)(مسلم ، کتاب البر والصلۃ)
  • حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ اس پر ظلم کرے، نہ اس کو ذلیل کرے، جو شخص اپنے بھائی کی مدد میں رہتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی مدد میں رہتا ہے ۔جو شخص کسی مسلمان بھائی کی مصیبت دور کرے گا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی مصیبت دور کردے گا ۔جو شخص کسی مسلمان (کے عیبوں) کا پردہ رکھے گا اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کا پردہ رکھے گا۔

    (مسلم ،کتاب البر والصلۃ)
  • حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا کیا تم جانتے ہو مفلس کون ہوتا ہے۔ صحابہ رضوان اللہ اجمعین نے کہا ہمارے نزدیک مفلس وہ شخص ہے جس کے پاس مال و دولت نہ ہو۔ آپؐ نے فرمایا: میری امت کا مفلس وہ شخص ہے جو قیامت کے دن بہت زیادہ نماز، روزہ اور زکوۃ لے کر آئے گا اور اس شخص نے (دنیا میں) کسی کو گالی دی، کسی پر تہمت لگائی، کسی کا مال کھایا ،کسی کا خون بہایا اور کسی کو مارا تھا پھر اسے (مظلوم کو) اس کی نیکیاں مل جائیں گی اور اگر ان کے حقوق پورے ہونے سے پہلے اس کی نیکیاں ختم ہوگئیں تو ان کے گناہ اس پر ڈال دیئے جائیں گے اور جہنم میں پھینک دیا جائے گا۔

    (مسلم ،کتاب البر والصلۃ)
  • حضرت نعمان بن بشیر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا مسلمانوں کی آپس میں دوستی، رحمت اور شفقت کی مثال جسم کی طرح ہے جب جسم کا کوئی عضو بیمار ہوتا ہے تو بخار اور بے خوابی میں سارا جسم اس کا شریک ہوتا ہے۔

    (مسلم ، کتاب البر والصلۃ )
  • حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی شخص ہماری مسجد یا ہمارے بازار میں جائے اور اس کے پاس تیر ہو تو وہ اس کے نوک دار حصہ کو اپنے ہاتھ سے پکڑے تاکہ کسی مسلمان کو چبھ نہ جائے۔

    (مسلم ، کتاب البر والصلۃ )