جنازوں کے احکام

  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا احد کے شہیدوں کو خون لگے ہوئے ان کو یوں ہی دفن کردو اِن کو غسل نہ دو۔

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجنائز، حدیث نمبر 1265 )
  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: ہر ایک بچہ اسلام یعنی توحید پر پیدا ہوتا ہے پھر اس کے ماں باپ اس کو یہودی یا نصرانی یا پارسی بنا دیتے ہیں جیسے چو پائے جانوروں کو دیکھو سب پورے بدن کے پیدا ہوتے ہیں کوئی کن کٹا بھی پیدا ہوتے دیکھا ہے ؟

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجنائز، حدیث نمبر 1275 )
  • حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے فرمایا جو لوگ مرگئے ان کو برا نہ کہو ، کیونکہ انہوں نے جیسے عمل کئے تھے ویسا بدلہ پا چکے ۔

    (بخاری ، جلد اوّل، کتاب الجنائز، حدیث نمبر 1312 )
  • حضرت ابی سعید رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ اپنے مرنے والوں کو لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کہنے کی تلقین کرو۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)
  • حضرت اُم سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے رسول کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس شخص کو بھی کوئی مصیبت پہنچے اور وہ پڑھے!  اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیہِ رَاجِعُوْنَ ، اَللّٰھُمَّ اَجُرْنِی مُصِیبَتِیْ وَا خْلُفْ لِیْ خِیرًا مِّنْھَا  ( بیشک ہم اللہ ہی کے لئے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔ اے اللہ، مجھے میری مصیبت میں اجر عطا فرماےئے اور اس سے بہتر (چیز) فرماےئے)۔ حضرت اُ م سلمٰہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ جب ابو سلمہ رضی اللہ عنہ فوت ہوئے تو میں نے رسول کریم ﷺ کے حکم کے مطابق یہ دعا کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کے بعد ان سے بہتر یعنی رسول کریم ﷺ کو میرے لئے (شوہر) مقرر کردیا۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)
  • حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو زخمی کردیا گیا اور اُ ن پر بے ہوشی طاری ہو گئی تو لوگ چیخ کر ان پر رونے لگے جب انہیں ہوش آیا تو انہوں نے فرمایاکیا تمہیں معلوم نہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ میت پر زندہ لوگوں کے (چیخ کر) رونے کی وجہ سے عذاب ہوتا ہے۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)
  • حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے قبروں کو پختہ بنانے سے منع فرمایا ہے۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)
  • حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا جو مسلمان شخص فوت ہو جائے اور اس کے جنازے میں 40 ایسے لوگ شریک ہوں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک نہ کیا ہو تو اللہ تعالیٰ میت کے حق میں ان کی شفاعت قبول فرما لیتا ہے اور اس میت کے گناہ معاف فرما کر جنت کا داخلہ نصیب فرما دیتا ہے۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)
  • حضرت ابی مرثد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا قبروں پر نہ بیٹھو اور نہ ان کی طرف منہ کرکے نماز پڑھ

    (مسلم ، کِتَابُ الجنائز)
  • حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اکرم ﷺ نے اپنی والدہ کی قبر کی زیارت کی تو روئے اور آپؐ کے گرد کھڑے لوگ آپ ﷺ کو دیکھ کر ر و د یئے اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ میں نے اپنے رب سے اپنی والدہ کے لئے استغفار کی اجازت مانگی تھی مجھے اجازت نہیں دی گئی۔ پھر ان کی قبر کی زیارت کی اجازت مانگی تو دیدی گئی پس قبروں کی زیارت کیا کرو کیونکہ یہ موت کو یاد دلاتی ہیں۔

    (مسلم ، کتاب الجنائز)