قرض کے احکام

  • حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ ایک دن رسول اللہ ﷺ مسجد میں تشریف لائے تو آپ کی نظر ایک انصاری شخص پر پڑی جن کا نام ابوامامہ تھا۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا ابو امامہ کیا بات ہے میں تمہیں نماز کے وقت کے علاوہ مسجد میں (الگ تھلگ) بیٹھا ہوا دیکھ رہا ہوں؟ حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا یارسول اللہ مجھے غموں اور قرضوں نے گھیر رکھا ہے۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کیا میں تمہیں ایک دعا نہ سکھلادوں جب تم اس کو کہو گے تو اللہ تعالیٰ تمہارے غم دور کردینگے اور تمہارا قرض اتروا دیں گے؟ حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ نے عرض کیا: یارسول اللہ ضرور سکھادیں۔ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا صبح و شام یہ دعا پڑھا کرو۔
      اللہم انی اعوذبک من الہم و الحزن واعوذبک من العجز والکسل واعوذبک من الجبن والبخل واعوذبک من غلبۃ الدین وقہر الرجال ۔ (ترجمہ: یا اللہ میں فکر اور غم سے آپ کی پناہ لیتا ہوں اور میں بے بسی اور سستی سے آپ کی پناہ لیتا ہوں اور میں کنجوسی اور بزدلی سے آپ کی پناہ لیتا ہوں اور میں قرض کے بوجھ میں دبنے سے اور لوگوں کے میرے اوپر دباؤ سے آپ کی پناہ لیتا ہوں)۔ حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں میں نے صبح و شام اس دعا کو پڑھا تو اللہ تعالیٰ نے میرے غم دور کردیئے اور میرا سارا قرضہ بھی ادا کروادیا۔

    (ابوداوُد)