حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے انہوں نے کہا سعد بن عبادہ رضی اللہ عنہ کو ایک بیماری ہوئی تو آنحضرت ﷺ عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ اور سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ اور عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو اپنے ساتھ لے کر ان کو پوچھنے کو گئے جب وہاں پہنچے دیکھا تو ان کے گھر والے خدمت کرنے والے سب جمع ہیں ۔آپؐ نے فرمایا کیا گزر گئے لوگوں نے کہا نہیں۔ یارسول اللہ! یہ سن کر نبی اکرم ﷺ روئے (سعد کی بیماری دیکھ کر) لوگوں نے جو آپؐ کو روتے دیکھا تو وہ بھی رو دیئے۔ آپؐ نے فرمایا سن لو! اللہ تعالیٰ آنکھ سے آنسو نکلنے پر اور دل رنجیدہ ہونے پر عذاب نہیں کرتا ۔وہ تو اس پر عذاب کرے گا آپؐ نے زبان کی طرف اشارہ کیا (زبان سے نوحہ کرنا) ۔اور دیکھو میت پر اس کے گھر والوں کے رونے سے عذاب ہوتا ہے اور حضرت عمر رضی اللہ عنہ تو جب ایسا دیکھتے تو لاٹھی اور پتھر سے مارتے اور رونے والوں کے منہ پر خاک جھونکتے۔
(بخاری ، جلد اول کتاب الجنائز حدیث نمبر :1226)