حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے منیٰ میں فرمایا تم جانتے ہو یہ کونسا دن ہے؟ لوگوں نے کہا اللہ اور اس کا رسولؐ خوب جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا یہ حرمت والا دن ہے۔ جانتے ہو یہ کونسا شہر ہے؟ لوگوں نے کہا اللہ اور اس کا رسولؐ خوب جانتے ہیں۔ فرمایا یہ حرمت والا شہر ہے۔ جانتے ہو یہ کونسا مہینہ ہے؟ لوگوں نے کہا اللہ اور اس کا رسولؐ خوب جانتے ہیں فرمایا یہ حرمت والا مہینہ ہے۔ پھر فرمایا دیکھو اللہ نے تم پر ایک دوسرے کا مال، خون، آبروئیں ایسی ہی حرام کردی ہیں جیسے اس دن کی، اس مہینے کی، اس شہر کی حرمت اور فرمایا دیکھو یہ حج اکبر کا دن ہے۔ پھر آپؐ نے یہ کہنا شروع کیا یا اللہ! گواہ رہنا اور لوگوں کو رخصت کیا۔ آپؐ سمجھ گئے کہ وفات کا زمانہ آن پہنچا۔ جب سے لوگ اس حج کو حجۃ الوداع کہنے لگے۔
(بخاری ، جلد اول کتاب المناسک، حدیث نمبر1635)