حضرت قاسم ؒ فرماتے ہیں کہ دمشق میں حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ کے پاس سے ایک شخص گزرا۔ اس وقت حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ کوئی پودا لگارہے تھے۔ اس شخص نے ابودرداء رضی اللہ عنہ سے کہا:کیا آپ بھی یہ (دنیاوی ) کام کررہے ہیں حالانکہ آپ تو رسول اللہ ﷺ کے صحابی ہیں۔ حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ نے فرمایا: مجھے ملامت کرنے میں جلدی نہ کرو۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جو شخص پودا لگاتا ہے اور اس میں سے کوئی انسان یا اللہ تعالیٰ کی مخلوق میں سے کوئی مخلوق کھاتی ہے تو وہ اس (پودا لگانے والے) کے لئے صدقہ ہوتا ہے۔
(مسند احمد)