حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک یہودی عورت نے ایک بھنی ہوئی بکری میں زہر ملاکر اسے رسول کریم ﷺ کے لئے ہدیہ بھیجا۔ رسول کریم ﷺ نے اس سے دستی کا ٹکڑا لے کر کھایا۔ آپ ﷺ کے صحابہ کرامؓ میں سے ایک جماعت نے بھی آپ ﷺ کے ساتھ کھایا۔ پھر آپ ﷺ نے فرمایا اپنے ہاتھوں کو روک لو، کھانا نہ کھاؤ اور آپ ﷺ نے یہودی عورت کی طرف پیغام بھیجا اور اسے بلایا۔ آپ ﷺ نے اس سے کہا کہ تم نے اس بکری میں زہر ملایا تھا؟ اس عورت نے پوچھا کہ آپ ﷺ کو کس نے بتایا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا مجھے دستی کے اس ٹکڑے نے بتایا جو میرے ہاتھ میں ہے۔ اس نے اقرار کیا اور کہا میں نے سوچا کہ اگر آپ ﷺ واقعی رسول ہیں تو زہر آپ ﷺ کو نقصان نہیں پہنچائے گا اور اگر آپ ﷺ رسول نہیں ہیں تو ہم آپ ﷺ سے چھٹکارا پالیں گے۔ رسول کریم ﷺ نے اسے معاف کردیا اور اسے کچھ سزا نہیں دی۔ نیز آپ ﷺ کے ساتھ جن صحابہ کرامؓ نے بکری کا گوشت کھایا تھا وہ فوت ہوگئے اور رسول کریم ﷺ نے اپنے کندھے پر اس زہر کی وجہ سے سینگیاں لگوائیں۔
(ابوداوُد)